‘ملک میں سیکیورٹی کی صورتحال میں بہتری سے اقتصادی ترقی کو فروغ ملا ہے‘


راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ملک میں سیکیورٹی کی صورتحال میں بہتری سے غیر ملکی سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی کو فروغ ملا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ نے یہ بات عالمی اسلامک بینک کے چیف ایگزیکٹو شیخ علی بن عبد اللہ ثانی سے ملاقات کے دوران کہی۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال تیزی سےبہترہورہی ہے جس سے ملک میں استحکام آ رہا ہے۔

اس دوران  شیخ علی بن عبد اللہ ثانی کا کہنا تھا کہ دیرپاامن کےقیام سےمعاشی سرگرمیوں میں بہتری آئےگی۔

یاد رہے چند روز قبل  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سدرن کمانڈ ہیڈکوارٹر کوئٹہ کا دورہ کیا تھا جہاں انہیں خوشحال بلوچستان پروگرام کے تحت جاری منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے صوبے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کی جانب سے امن و امان برقرار رکھنے کے اقدامات کو سراہا، سربراہ پاک فوج نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ نسٹ یونیورسٹی کیمپس کا افتتاح بھی کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان کے ذہین نوجوانوں کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو درست سمت میں کام جاری رکھنا چاہیے اور تمام طبقات کو چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے متحد ہو کر کام کرنا چاہیے۔

 

 


متعلقہ خبریں