زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد 39 ہو گئی


مظفرآباد: آزاد کشمیر میں زلزلے سے جان بحق افراد کی تعداد 39 ہوگئی جبکہ  زخمیوں کی تعداد چھ سو  سے زائد  بتائی جارہی ہے۔

آزاد کشمیرانتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ اب تک زلزلے کی وجہ سے 39 افراد اپنی جانوں کی بازی ہار چکے ہیں جن میں دو خواتین اور ایک بچی بھی شامل ہے۔

آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے آفٹرشاکس بھی محسوس کیے گئے۔

وزیر اسٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی آزادکشمیر احمد رضا قادری کے مطابق زلزلے سے ایک ہزار 619  مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے جبکہ 7,100 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

زلزلے کے دو روز بعد بھی آزاد کشمیر میں خوف کی فضا برقرار ہے۔ ہولناک زلزلے سے میرپور میں 6 دیہات کو آپس میں ملانے والی کھاڑک بند روڈ میں گہرے شگاف پڑگئے ہیں۔ میرپور اور ملحقہ علاقوں میں آج  بھی بازار اور سرکاری اور پائیویٹ تعلیمی ادارے  بند رہے۔

تباہ حال مکانات، بکھری اینٹیں اور  ٹوٹی ہوئی سڑکیں آزاد کشمیر میں آنے والے زلزلے کے اثرات تباہی کی کہانی سنا رہے ہیں ۔

یہ بھی پڑھیں: زلزلہ متاثرین کے لئے خیبر پختونخوا حکومت کی طرف سے امدادی سامان روانہ

زلزلے سے میرپور ، جوڑیاں ، جاتلاں، چیچیاں، بھمبر اور  پنڈی سبھروال کے علاقے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

زلزلے سے 6 دیہات کو ملانے والی کھاڑک بند روڈ پر گہرے شگاف پڑچکے ہیں، جو وقت گزرنے کے ساتھ مزید گہرے ہورہے ہیں ۔ روڈ کی مرمت کا کام بھی تاحال شروع نہ ہوسکا۔ جاتلاں سے چیچیاں تک  پندرہ کلومیٹر سٹرک کی بحالی کا کام جاری ہے۔

احمد رضا قادری کے مطابق زلزلے سے سب سے زیادہ ہلاکتیں میرپور میں ہوئیں ۔ نواحی علاقے جوڑیاں میں زلزلے سے ساٹھ  سے زائد گھر تباہ ہو گئے ہیں۔

کئی متاثرہ علاقوں میں بے یارومددگارزلزلہ متاثرین نے رات کھلے آسمان تلے گزاری ۔

زلزلے کے بعد کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی بھی تاحال  بحال نہ ہوسکی ہے۔ زلزلے سے لائیو اسٹاک کو بھی شدید نقصان پہنچا اور چھ سو کے قریب باڑے تباہ ہو گئے۔

۔


متعلقہ خبریں