‘اوورسیز پاکستانی سائنس دانوں نے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ساتھ مل کر کام کرنے کا فیصلہ کیا’


لندن: وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ 75 کے قریب اوورسیز پاکستانی سائنس دانوں نے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ساتھ مل کے کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  برطانیہ میں کام کرنے والے پاکستانی سائنسدانوں نے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کو اپنی خدمات پیش کرنے کی حامی بھر لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم برطانیہ، امریکہ اور یورپ میں کام کرنے والے سائنسدانوں کا گروپ بنانے جارہے ہیں تاکہ پاکستان میں سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی میں ان کی خدمات حاصل کی جا سکیں۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ سمندر پار کام کرنے والے تمام پاکستانی ٹیلنٹ سے مالامال ہیں اور ان کی اس صلاحیت کو پاکستان میں سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی کے لیے بروئے کار لایا جائیگا۔

اس موقع پر فواد چودھری نے کہا کہ بیرون ممالک پاکستانی سفارت کاروں میں خدمات سرانجام دینے والے بیوروکریٹ کام نہیں کرتے اور ایک فائل کی منظوری میں ایک ایک سال لگا دیتے ہیں۔

انہوں نے مشورہ دیا کہ  ان تمام پیشہ ور سفارت کاروں کی جگہ عام پاکستانیوں کو تعینات کرنا چاہیے تاکہ سمندر پار پاکستانیوں کا کام جلد  ہو۔

یہ بھی پڑھیں: فواد چوہدری پانی کی اے ٹی ایم بنائیں گے

 


متعلقہ خبریں