وزیر خارجہ کی اقوام متحدہ کے صدر جنرل اسمبلی کو دورہ پاکستان کی دعوت

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے صدر جنرل اسمبلی تجانی محمد باندے کو ملاقات کے دوران دورہ پاکستان کی دعوت دے دی ہے۔

اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے چوہترویں اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی صدر جنرل اسمبلی تجانی محمد باندے سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے تجانی محمد باندے کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی۔

وزیر خارجہ نے صدر جنرل اسمبلی کو ملک میں غربت کے خاتمے کیلئے کیے گئے حکومتی اقدامات سے متعلق آگاہ کیا۔

گفتگو کے دوران شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ غربت اور بے روزگاری سے نمٹنے کیلئے کوشاں ہیں، غربت کے خاتمے کیلئے ہی ہم نے َ”احساس پروگرام” تشکیل دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کوششوں سے پانچ دہائیوں کے بعد 16 اگست کو مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل میں زیر بحث آیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے حوالے سے کھل کر آواز اٹھائی گئی۔

وزیر خارجہ نے تجانی محمد باندے کو بتایا کہ آج مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرفیو کو 53 روز گزر چکے ہیں، لوگوں کی اسپتالوں تک رسائی نہیں ہے اور تعلیمی ادارے بند پڑے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہزاروں لوگوں کو قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنا پڑ رہی ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہندوستان اگر اپنے موقف میں سچا ہے تو پھر بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ کیوں نہیں کرنے دے رہا۔

ملاقات میں انہوں نے کہا کہ بھارتی اپوزیشن کے وفد کو سری نگر ایئرپورٹ سے واپس کیوں بھجوایا جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں