’پاک-سری لنکا میچ کا پہلا حصہ بارش سے متاثر ہوسکتا ہے‘


کراچی: چیف میٹرلوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہے کہ آج بھی کراچی میں دوپہر کو بارش کا امکان ہے جس کے نتیجے میں سری لنکا اور پاکستان کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ متاثر ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے چار سے پانچ دنوں سے دیکھ رہے ہیں کہ دن میں دو سے تین بجے تک گرمی پڑتی ہے اور شہر میں شدید حبس ہوتا ہے جس کے بعد اچانک بارش ہوتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہوا کا کم دباؤ گجرات اور راجستان میں موجود ہے اور یہ سسٹم ہمارے علاقوں تک پہنچ رہا ہے۔

سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ راجستان میں بننے والے ہوا کے کم دباؤ کے نتیجے میں کراچی میں سمندری ہوائیں بند ہیں جس کے نتیجے میں حبس زیادہ ہوجاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حبس کے باعث کنویکٹنک انرجی سسٹم کو ملتی ہے جس کی وجہ سے بادل برستے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی شہر قائد میں دوپہر میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے جو چار بجے تک جاری رہ سکتی ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا کہ 23 ستمبر سے جو بارش کی جھڑی شروع ہوئی تھی اس کا آج آخری روز ہوگا تاہم اس کے بعد مزید بارش کا امکان نہیں۔

انہوں نے خدشے کا اظہار کیا کہ ہوسکتا ہے بارش کے باعث میچ کا ابتدائی حصہ متاثر ہو۔

سردار سرفراز نے کہا کہ کچھ دن پہلے ایڈوئیزری جاری کی گئی تھی کہ سسٹم سندھ کی جانب آئے گا تاہم یہ راجستان محدود رہا اور اس سے آگے نہیں بڑھا، اگر ایسا ہوتا تو زیادہ بارش ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں کل شام یا پرسوں تک سمندری ہوائیں بحال ہوجائیں گی جس کے بعد شہر کا موسم پانچ، چھ اکتوبر تک اچھا رہے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 28 یا 29 ستمبر کے بعد سے شہر میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔


متعلقہ خبریں