اسرائیل: نتن یاہو پھنس گئے،مخلوط حکومت یا تیسری مرتبہ عام انتخابات؟


تل ابیب: اسرائیل کے صدر ریوین ریولن نے وزیراعظم نتن یاہو سے کہا ہے کہ وہ حکومت بنانے کی کوشش کریں لیکن چونکہ گزشتہ ہفتے ہونے والے عام انتخابات میں ایک مرتبہ پھر دونوں بڑی جماعتیں واضح اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی ہیں تو اس کی وجہ سے صیہونی ریاست میں پوری شدت کے ساتھ یہ سوال کیا جانے لگا ہے کہ کیا ایک سال میں اسرائیل کے اندر تیسری مرتبہ انتخابات کرائے جائیں گے؟

اسرئیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر نے یہ پیشکش وزیراعظم نتن یاہو اور ان کے حریف بینی گانز سے ملاقات کے بعد کی ہے۔

اسرائیل:حکومتی تشکیل میں ناکامی پر دوبارہ انتخابات کا فیصلہ

اسرائیل میں گزشتہ ہفتے ہونے والے عام انتخابات میں نتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی نے 120 ارکان پر مشتمل ایوان میں 32 نشستیں حاصل کیں جو کہ ان کے مدمقابل بینی گانز کی جماعت بلیو اینڈ وائٹ پارٹی سے ایک سیٹ کم ہے۔

انتخابی نتائج کے مطابق دونوں جماعتیں اگر اپنی اتحادی جماعتوں کی حمایت بھی حاصل کرلیں تو اس کے بعد بھی عددی اعتبار سے انہیں حکومت سازی کے لیے درکار دیگر اتحادیوں کی حمایت کے ساتھ بھی دونوں میں سے کوئی جماعت حکومت سازی کے لئے مطلوبہ 61 سیٹوں کی اکثریت  نشستیں نہیں مل پائیں گی۔

اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق نتن یاہو نے صدر کی پیشکش پر کہا کہ میں نہیں جانتا کہ حکومت تشکیل دے سکوں گا یا نہیں؟ کیونکہ میری پارٹی پوزیشن گانز سے کم ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اس وقت دونوں اس پوزیشن میں نہیں ہیں کہ حکومت بنا سکیں البتہ ان کا کہنا تھا کہ مصلحت کا تقاضہ ہے کہ ایک اتحادی حکومت تشکیل دی جائے جو وسیع اتحاد پر مشتمل ہو۔

 

دلچسپ امر ہہے کہ یہودی لابی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ اسرائیلی صدر مخلوط حکومت کی تشکیل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

جیوش کمیونیٹی کی ایک ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ صدر ریولن مخلوط حکومت سازی کے ماڈل کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

اسرائیلی وزیراعظم کا وادی اردن پر قبضہ کرنے کا اعلان

صدر ریولن نے اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق کوشش کی کہ نتن یاہو اور گانز مخلوط حکومت تشکیل دے لیں لیکن بیل اس لیے منڈھے نہیں چڑھ سکی کہ دونوں رہنما اس امر پر متفق نہں ہو سکے کہ حکومت کا سربراہ کون ہوگا؟

فوجی بیک گراؤنڈ کے حامل گانز کا استدلا ل تھا اور ہے کہ وہ نتن یاہو کو درپیش قانونی مسائل کی وجہ سے اپنے اوپر کوئی بار نہیں لیں گے۔

ہشیار : اسرائیل کا افغانستان میں سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ

نتن یاہو کو متعدد اسکینڈلز کا سامنا ہے۔ اسرائیل کے اٹارنی جنرل نے اُن پر فراڈ، رشوت اور بد اعتماد ی کے الزامات عائد کرنے کی سفارش کی ہے لیکن وزیراعطم نتن یاہو نے ہرالزام سے انکار کیا ہے۔

آئین و قانون کے مطابق اگر نتن یاہو چھ ہفتوں کے اندر حکومت سازی نہ کرسکے تو صدر کسی اور امیدوار کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ دوسری کوشش میں ناکامی ہونے پر تیسرے شخص کا انتخاب پارلیمنٹ کرسکتی ہے لیکن اگر وہ بھی ناکام ہوجائے تو پھر تیسری مرتبہ انتخابات کرانے ہوں گے جو ایک سال میں تیسری مرتبہ ہوں گے۔


متعلقہ خبریں