پاک-سری لنکا سیریز کا شیڈول تبدیل

پاک-سری لنکا سیریز کا شیڈول تبدیل

کراچی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ایک روزہ میچ کا شیڈول تبدیل کردیا گیا اور اب دونوں ٹیمیں اتوار کے بجائے پیر کو مدمقابل ہوں گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اعلامیے کے مطابق میچ کے شیڈول میں نظر ثانی کا فیصلہ بورڈ اور سری لنکا کرکٹ کی باہمی مشاورت سے کیا گیا۔

جمعہ سمیت رواں ہفتے ہونے والی بارش کے بعد سازگار آؤٹ فیلڈ کی فراہمی کے لیے گراؤنڈ اسٹاف کو دو روز درکار ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ پیر کو ری شیڈول کیے گئے میچ کی ٹکٹیں آن لائن اور مخصوص ٹی سی ایس کاؤنٹرز پر دستیاب ہوں گی۔

ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان نے کہا کہ رواں ہفتے غیرمتوقع بارشوں نے ہمیں سیریز کے شیڈول میں نظرثانی پر مجبور کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شائقین کرکٹ اتوار کے لیے خریدی گئی ٹکٹوں کو پیر کے میچ میں استعمال کرسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ری فنڈ پالیسی کے تحت شائقین کرکٹ کو آج کے میچ کے لیے خریدی گئی ٹکٹوں کے پیسے واپس کردیئے جائیں گے۔

ذاکر خان نے مزید کہا کہ جو مداح اتوار کے لیے خریدی گئے میچ کو پیر کے روز دیکھنے کا خواہشمند نہیں وہ بھی ٹکٹ ری فنڈ کرواسکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں