خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں دو اکتوبر تک توسیع

پیراگون اسکینڈل  کیس پر سماعت آج ہو گی

فائل :فوٹو


لاہور: احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل  کیس میں ملوث خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق  کے جوڈیشل ریمانڈ میں دو اکتوبر تک توسیع کردی ہے۔

احتساب عدالت کے جج جواد الحسن  کے روبرو خواجہ برادران کو 5 روزہ جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر پیش کیا جانا تھا تاہم پولیس انہیں پیش نہ کر سکی۔

نیب کے سینئر سپیشل پراسیکیوٹر حافظ اسد اللہ اعوان، عاصم ممتاز اورعلی ٹیپو عدالت کے روبرو پیش ہوئے جبکہ خواجہ سعد رفیق کی جانب سے اشتراوصاف علی ایڈووکیٹ اور خواجہ سلمان رفیق کی جانب سے امجد پرویز ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

اس موقع پر نیب کے وکیل نے عدالت میں موقف اپنایا کہ لاہور بارکی ہڑتال اورسیکیورٹی خدشات کی وجہ سے خواجہ برادران کو پیش نہیں کر سکتے۔

خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے وکلا کی جانب سے بھی عدالت سے استدعا کی گئی کہ آج وکلا کی ہڑتال ہے لہذا سماعت ملتوی کی جائے۔

عدالت نے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ برادران کے وکلابحث کریں ورنہ عدالتی دائرہ اختیار کو چیلنج کرنے کی درخواست مسترد کر دوں گا۔

بعدازاں عدالت نے خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں دو اکتوبر تک توسیع کردی،واضح رہے کہ خواجہ برادران کے وکلاء کی جانب سے عدالت کے دائرہ اختیار کو چیلنج کیا گیا ہے۔

 


متعلقہ خبریں