گرفتار ڈاکٹرز سمیت 15 افراد سینٹرل جیل مردان منتقل


مردان: پولیس نے  پشاور میں ڈاکٹروں کے احتجاج کے دوران گرفتار کیے گئے 15 افراد کو ہفتے کے روز سینٹرل جیل مردان منتقل کر دیا۔

سنٹرل جیل منتقل ہونے والے  افراد میں ڈاکٹر عالمگیر، ڈاکٹر راحیل شہزاد، ڈاکٹر عباس خان  اور دیگر اہلکار شامل ہیں۔

دریں اثناء مردان کی جیل انتظامیہ نے گرفتار اہلکاروں سے ملاقات کے لیے آئے ہوئے ینگ ڈاکٹرز کے وفد کو ملاقات کی اجازت نہیں دی۔

جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گرفتار ملازمین کے خلاف 16 نقص امن ( ایم پی او) کے تحت مقدمہ درج  کیا گیا ہے  اور کسی کو ان سے ملنے کی اجازت نہیں دے سکتے ہیں۔

ڈاکٹروں پر پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج اور گرفتاریوں کے خلاف  ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کا احتجاجی مظاہرہ پشاور، مردان سمیت دوسرے شہروں میں ہفتے کے روز بھی جاری رہا۔

یہ بھی پڑھیں: ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کا پمز میں احتجاج، مریض خوار

احتجاج کرنے والے  ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف نے پشاور  سمیت دیگر شہروں میں اسپتالوں  کے ایمرجنسیز کے علاوہ تمام سروسز بند کرد یے۔

مردان میں احتجاج کرنے والے ڈاکٹروں نے صوبائی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گرفتار ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

احتجاج کرنے والے ڈاکٹروں نے ملازمین کو رہا نہ  کرنے کی صورت میں ایمرجنسی سروسز بھی بند کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔


متعلقہ خبریں