’عمران خان کا اصل امتحان اب شروع ہوا ہے‘



کراچی: پاکستان سابق سیکرٹری خارجہ شمشاد خان نے کہا ہے کہ عمران خان کا اصل امتحان اب شروع ہوا ہے کیوں کہ انہوں نے اپنے ملک کو مضبوط کرنا ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام’ ایجنڈا پاکستان‘ میں میزبان عامر ضیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا دورہ امریکہ کامیاب رہا اور اب ہمیں آگے کا سوچنا چاہیے۔

سابق سکرٹری خارجہ نے کہا کہ عمران خان کا چیلنج اب گھر میں شروع ہو رہا ہے جس کے لیے اچھی ٹیم کی ضرورت ہے، ایسی ٹیم جو ملک کو معاشی مشکلات اور بد عنوانی کے مقدمات سے جلد باہر نکالے۔

شمشاد خان نے کہا کہ پاکستان بھارت سے کم نہیں لیکن ماضی کے چند سالوں میں ہم نے اپنی کمزوریوں کا تاثر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا بھارتی فوج پاکستان کے ساتھ جنگ نہیں کرنا چاہتی کیوں کہ ان کو اپنی طاقت کا علم ہے، مگر مودی خطے میں کشیدگی چاہتا ہے۔

سابق سیکرٹری نے کہا کہ اگر کشمیر کی جدوجہد آزادی میں شدت آئے گی تو مودی کچھ بھی کر سکتا ہے اور اگر حالات زیادہ خراب ہوگئے تو عالمی برادری مداخلت کرے گی۔

انہوں نے کہا کوئی ذی شعور یہ توقع نہیں کر سکتا کہ اس خطے کے حالات ایٹمی جنگ کی طرف جائیں، عالمی طاقتوں کو چاہیے کہ مداخلت کر کے پاکستان اور بھارت مذاکرات کی میز پر لائیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان کو اپنی تقریر کا آغاز اور اختتام مسئلہ کشمیر پر کرنا چاہیے تھا۔

پاکستان کا اگلا قدم کیا ہوگا؟ اس سوال کے جواب میں پی پی پی رہنما نے کہا کہ ہمیں اس مسئلے کو اجاگر کرتے رہنے چاہیے اور انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے اداروں کو بھی اس میں شامل کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت حق خود ارادیت پر توجہ دینی چاہیے اور اقوام متحدہ میں بھی اسی مسئلے کو اٹھانا چاہیے تھا۔

شیری رحمان نے کہا پاکستان کو مطالبہ کرنا چاہیے تھا کشمیر میں کلسٹر بموں کا استعمال روکا جائے، ڈاکٹرز اور میڈیا کو کشمیر میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ جولائی سے خبریں آنا شروع ہوگئی تھیں کہ بھارت کے عزائم ٹھیک نہیں ہیں لیکن پاکستان کی حکومت نے سستی کا مظاہرہ کیا ہے۔

حکومت کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ پی ٹی آئی کسی بھی مسئلے پر آج تک اپوزیشن کو متحدہ نہیں کر سکی۔ اپوزیشن نے بہت ساری چیزیں تحریری طور پر دی ہیں لیکن حکومت این آر او کی طعنے دینا شروع کر دیتی ہے۔


متعلقہ خبریں