خواہش ہے کہ عوام کو سستی ادویات میسر ہوں، چیف جسٹس


اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا ہے کہ ڈیٹا فراہم نہ کرنے والی ادویہ ساز کمپنیوں کی فہرست فراہم کی جائیں، ادویات کی قیمتوں کا تعین کرنا عدالت کا کام ہے۔

منگل کو سپریم کورٹ میں ادویات کی قیمتوں میں اضافے پر ازخود نوٹس کیس کی سماعت چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ادویہ ساز کمپنیوں کے پاس ازخود قیمت بڑھانے کا اختیار نہیں ہے۔ ڈرگ پالیسی سے پہلے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان ( ڈریپ ) کمپنیوں سے ملی ہوئی تھی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ڈریپ درخواستیں جان بوجھ کر زیر التواء رکھتا تھا۔ ملی بھگت کے تحت کمپنیوں کو عدالتوں سے ریلیف دلوایا جاتا تھا۔

ادویہ ساز کمپنی کے وکیل راشد انور نے مؤقف اختیار کیا کہ 2013 میں ادویات کی قیمتوں میں 15 فیصد اضافہ ہوا تھا۔ جسے وزیراعظم کی ہدایت پر واپس لے لیا گیا تھا۔ پالیسی کی تحت 90 روز میں قیمتوں میں اضافے کی درخواست پر فیصلہ کرنا ہوتا ہے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا پرانی درخواستیں زیر التواء ہیں؟

ڈریپ حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ کمپنیاں نامکمل درخواستیں دیتی ہیں اس لیے تاخیر ہوتی ہے۔ ڈریپ سے اضافہ آٹھ فیصد ملتا ہے، عدالتوں سے زیادہ ریلیف لے لیتے ہیں۔

چیف جسٹس نے حکم دیا کہ ڈیٹا فراہم نہ کرنے والی کمپنیوں کی فہرست فراہم کریں، ہم تمام حکم امتناعی خارج کردیں گے۔ ادویات کی قیمتوں کا تعین کرنا عدالت کا کام ہے۔

جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ دوا ساز کمپنیوں کا کاروبار متاثر نہیں ہونا چاہیے، انہیں جائز منافع ملنا چاہیے۔

چیف جسٹس نے حکم دیا کہ ڈریپ تمام درخواستوں پر جلد از جلد فیصلہ کرے، کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈریپ کو تمام کام شفافیت اور ایمانداری سے کرنا ہوگا۔

چیف جسٹس نے ڈریپ حکام کو ہدایت کی کہ وہ وکلاء کے دلائل کے دوران تمام ڈیٹا اکٹھا کریں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ڈریپ کو وہ قیمت متعین کرنی چاہیے جو عوام پر بوجھ نہ بنے۔ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ ڈرگ پالیسی کے مطابق ہی ہوسکتا ہے۔

ادویہ ساز کمپنی کے وکیل نے مؤقف اختیارکیا کہ ڈریپ قیمتوں میں اضافہ پالیسی کے برخلاف کرتی ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ تمام امور کی نگرانی اب سپریم کورٹ خود کرے گی۔ تمام کمپنیوں کو فارمولا طے کرکے آگاہ کریں گے۔ دیگر عدالتوں کو بھی گائیڈ لائن فراہم کریں گے۔

عدالت نے کیس کی سماعت بدھ تک ملتوی کردی ہے۔


متعلقہ خبریں