شہباز شریف مسلم لیگ ن کے سربراہ منتخب؟

شہباز شریف مسلم لیگ ن کے سربراہ منتخب؟ | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: میڈیا رپورٹس میں دعوی کیا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے بعد قیادت کے بحران کا شکار مسلم لیگ (ن) اپنے نئے سربراہ پر متفق ہو گئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق منگل کو لاہور میں ن لیگ کی مجلس عاملہ کا اجلاس ہوا۔ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ شہباز شریف کے متعلق فیصلے کا اعلان اسی دوران کر دیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف نے معاملے پر نواز شریف کو اعتماد میں لے لیا ہے جس کے بعد وہی پارٹی کے معاملات دیکھ رہے ہیں۔

ن لیگ کی قیادت کے لئے شہباز شریف کے تقرر کے متعلق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وہ نواز شریف کو اعتماد میں لے چکے ہیں۔ جس کے بعد وہ رواں ہفتے چوہدری نثار سے ملاقات کر کے انہیں بھی اہم ذمہ داری تفویض کریں گے۔

منگل کو ن لیگ کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں سابق وزیراعظم نواز شریف، موجودہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، پارٹی کے صوبائی صدور، وزرائے اعلی، وفاقی وزراء اور دیگر رہنما موجود ہیں۔

ماڈل ٹاؤن لاہور میں ہونے والے اجلاس سے خطاب میں نواز شریف کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ جو کچھ موجودہ دور میں ہو رہا ہے ایسا کبھی آمرانہ دور میں بھی نہیں ہوا۔

ان کا کہنا ہے کہ عوام کچھ چاہتے ہیں جب کہ دیگر قوتیں کچھ اور چاہتی ہیں۔ پہلے وزارت عظمی سے ہٹایا گیا اب پارٹی صدارت سے علیحدہ کیا گیا ہے۔ بطور صدر مسلم لیگ آج مجھے یہ منصب چھوڑنا پڑ رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تین بار وزیراعظم بنا لیکن مدت پوری نہیں کرنے دی گئی، فیصلوں پر ردعمل ظاہر کر کے کون سا غلط کام کیا ہے، جب خلق خدا ہی نہیں مانے گی تو پھر یہ فیصلے کہاں جائیں گے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کوئی دس روپے کرپشن کا ہی بتا دے۔


متعلقہ خبریں