راولپنڈی، ڈینگی مریضوں کو لگنے والی ڈرپس کا اسٹاک کم پڑ گیا

کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 255 نئے کیسز رپورٹ

فوٹو: فائل


لاہور: راولپنڈی شہر کے مختلف اسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کو لگنے والی ڈرپس کا اسٹاک کم پڑگیا ہے۔

اس ضمن میں راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے کمشنر کو خط ارسال کردیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ ڈینگی کے مریضوں کو لگنے والی ڈرپس سمیت دیگر ضروری سامان کی قلت ہے۔  ہولی فیملی اسپتال، بےنظیر اسپتال، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹراسپتال راولپنڈی کو فوری طور پرمطلوبہ سامان مہیا کیا جائے۔

مراسلے کے مطابق ہولی فیملی اسپتال میں 200، بےنظیر اسپتال میں 200، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں 100 ڈرپس کی ضرورت ہے، ان تینوں اسپتالوں میں دوردراز علاقوں سے ڈینگی مریض آرہے ہیں۔

واضح رہے وفاقی حکومت نے ملک میں ڈینگی کے خطرناک حد تک  پھیلاؤ کی تحقیقات کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع وزارت قومی صحت کے مطابق ڈینگی پھیلاؤ کے بارے میں تحقیقات عالمی اداروں سے کرائی جائیں گی جس کے لئے عالمی ادارہ صحت، سی ڈی سی امریکہ اور سری لنکا سے رابطہ کیا جائے گا۔

بتایا گیا ہے کہ عالمی ماہرین چاروں صوبوں خاص طور پر راولپنڈی، اسلام آباد اور آزادکشمیر کے دورہ کے دوران ڈینگی لاروا اور وائرس پر تحقیق کریں گے۔

اس ضمن میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ڈینگی کی عالمی ماہرین سے تحقیقات کی منظوری دے دی  ہے۔

یاد رہے رواں سال ملک میں ڈینگی کے 16 ہزار سے زائد کیسز سامنے آ چکے ہیں،جن میں سے نصف کیسز کا تعلق جڑواں شہروں سے ہے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 690 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوگئی ہے۔ رواں  سال پورے ملک میں ڈینگی سے 29 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں