بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلا اشتعال گولہ باری، 2 شہری شہید،2 زخمی

بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ، شہری زخمی

فوٹو: فائل


راولپنڈی: بھارتی فوج کی ایک بار پھر لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلا اشتعال گولہ باری سے خاتون سمیت 2 شہری شہید اور 2 زخمی ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فورسز نے ایل او سی پر واقع نکیال اور رکھ چکری سیکٹر پر جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا اور شدید گولہ باری کی۔ جس کی زد میں آ کر 60 سالہ خاتون سلامت بی بی زوجہ محمد سید عمر اور 13 سالہ بچہ محمد ذیشان ولد ملک محمد ایوب عمر شہید ہو گئے۔

بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والی بھی دونوں خواتین ہیں جنہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال کوٹلی منتقل کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں بھارتی فوج کی ایل او سی پر فائرنگ، تین پاکستانی فوجی شہید

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا اور ان کی بندوقوں کو خاموش کرا دیا۔

دو ہفتہ قبل بھی بھارتی فوج نے حاجی پیر سیکٹر پر واقع ایل او سی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ کی جس کی زد میں آکر پاک فوج کا ایک جوان شہید ہو گیا تھا۔

شہید ہونے والے سپاہی غلام رسول کا تعلق بہاولنگر سے تھا۔


متعلقہ خبریں