آصف زرداری کٹھ پتلی حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے،بلاول


راولپنڈی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ جیلیں پیپلزپارٹی اورآصف زرداری کےلیے نئی بات نہیں،آصف زرداری ساڑھے11سال جیل میں رہ چکے ہیں مگر وہ ان تمام کیسز میں باعزت طور پر بری ہوئے ۔

انہوں نے یہ بات آج اڈیالہ جیل راولپنڈی میں سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں کہی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آصف زرداری بیمار ی کے باوجود پرعزم ہیں اوراپنے اصولوں پر ڈٹے ہوئے ہیں،آصف زرداری کا کہنا ہے ہم کٹھ پتلی حکومت کا بھی مقابلہ کریں گے،یہ حکومت دھاندلی کرکے مسلط کی گئی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عدالتی نظام ویسا ہی ہے جیسا مشرف دور میں تھا،حکمران جتنا ڈباوَ ڈالنا چاہتے ہیں ڈالیں،سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس حکومت نے عوام کےلیے کچھ نہیں کیا،سلیکٹڈ حکومت عوام کے ووٹوں کی وجہ سے نہیں آتی،عوام کو مہنگائی کے سونامی اورٹیکس کےطوفان میں دھکیل دیاگیا ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ آصف زرداری کو سہولیات سے متعلق عدالتی احکامات پر عمل نہیں کیاجارہا ۔

ایک سوال کے جواب میں چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عام آدمی کی خدمت کی،عوام کےلیےبے نظیرانکم سپورٹ پروگرام لائے،عوام نے دیکھ لیا نیازی کا ہر دعویٰ اور وعدہ جھوٹا نکلا،عوام اس حکومت کو گرانے کےلیے تیار ہے۔ عوام کو بتا رہے ہیں حکومت کس طرح ان کے حقوق پر ڈاکہ ڈال رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی دیگر جماعتوں سے رابطے میں ہے۔ ہم عوام کو اس ظالم حکومت کے چنگل سے چھڑانے کے لیے مشترکہ جدوجہد کرینگے۔

بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کیے گئے خطاب پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے وزرائے اعظم نے کشمیر کا مقدمہ بہت اچھے طریقے سے لڑا،انہوں نے سوال اٹھا یا کہ کیا کسی دوسرے وزیراعظم کے دورمیں کشمیر پر ایسا حملہ ہوا؟

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وہ چمن دھماکے کی سخت مذمت کرتے ہیں،مولانا فضل الرحمان سے مل کر تعزیت اورافسوس بھی کرینگے۔


متعلقہ خبریں