ملک بھر میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 16 ہزار سے تجاوز کرگئی

اسلام آباد اور کراچی میں ڈینگی کے وار تیز: مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی

اسلام آباد: ملک بھر میں ڈینگئی کے مریضوں کی تعداد 16  ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

راولپنڈی اور اسلام میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے اور صرف اسلام آباد کے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال میں اب تک ڈینگی کے 600 نئے مریض لائے جا چکے ہیں۔

ذرائع ہم نیوز کے مطابق یہ مرض جڑواں شہروں میں اب تک 23 مریضوں کی جان لے چکا ہے۔ ڈینگی مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد خطہ پوٹھوہار سے اسپتالوں میں لائی گئی ہے۔

ملک بھر میں ڈینگی کے باعث 31 اموات واقع ہو چکی ہیں۔

دوسری جانب وزارت صحت اور اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے ڈینگی سے متاثرہ علاقوں میں انسداد ڈینگی اقدامات اٹجائے گئے ہیں۔

ڈینگی سے متاثرہ علاقوں میں ڈینگی کش اسپرے کرنے سمیت اسپتالوں میں سہولیات بھی دی گئی ہیں لیکن مریضوں کی تعداد بڑھنے کی وجہ سے اسلام آباد انتظامیہ کو مشکلات کا سامنا پڑ رہا ہے۔

یاد رہپے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے ملک میں ڈینگی کے خطرناک حد تک  پھیلاؤ کی تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔

ذرائع وزارت قومی صحت کے مطابق ڈینگی پھیلاؤ کے بارے میں تحقیقات عالمی اداروں سے کرائی جائیں گی جس کے لئے عالمی ادارہ صحت، سی ڈی سی امریکہ اور سری لنکا سے رابطہ کیا جائے گا۔

بتایا گیا تھا کہ عالمی ماہرین چاروں صوبوں خاص طور پر راولپنڈی، اسلام آباد اور آزادکشمیر کے دورہ کے دوران ڈینگی لاروا اور وائرس پر تحقیق کریں گے۔

اس ضمن میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ڈینگی کی عالمی ماہرین سے تحقیقات کی منظوری دے دی  ہے۔


متعلقہ خبریں