عمران خان، نور عالم خان میں نوک جھوک کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

عمران خان، نور عالم خان میں نوک جھوک کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف پارلیمانی کمیٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان اور رکن قومی اسمبلی نور عالم خان کے درمیان نوک جھوک ہوئی۔

وزیراعظم نے نور عالم خان سے مکالمہ کیا کہ میں نے قومی اسمبلی میں آپ کی تقریر سنی، جب آپ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) میں تھے اس وقت حکومت کے خلاف تقریر کیوں نہیں کرتے تھے؟

اس کے جواب میں نور عالم خان نے کہا کہ میں اس وقت بھی حکومت پر تنقید کرتا تھا اب بھی حکومت کو آئینہ دکھاتا ہوں۔

ذرائع نے بتایا کہ نور خان عالم کے بعد تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی وزرا کے رویوں پر پھٹ پڑے۔

پی ٹی آئی اراکین نے شکوہ کیا کہ وزرا نہ تو قومی اسمبلی آتے ہیں اور نہ ہی حکومتی اراکین  کے کام کرتے ہیں۔

اسد عمر کو دوبارہ کابینہ میں شامل کرنے کا عندیہ

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے سابق وزیر خزانہ اسد عمر کو دوبارہ کابینہ میں شامل کرنے کا عندیہ دے دیا۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے حلقوں کے مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی جبکہ انہوں نے کہا کہ وہ حکومتی اراکین اسمبلی سے بھی جلد ملاقات کریں گے۔


متعلقہ خبریں