’’موجودہ حکومت کشمیر کا مقدمہ ہار چکی ہے‘‘

فوٹو: فائل


لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کشمیر کا مقدمہ ہار چکی ہے جبکہ ملکی مسائل میں اضافہ کے ساتھ ساتھ بیرونی خطرات بھی بڑھ رہے ہیں۔

شہباز شریف نے لاہور میں پارٹی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی، سلامتی کونسل اور انسانی حقوق کونسل میں واقعات سے ہمارے خدشات اور تحفظات کی تصدیق ہو رہی ہے۔ ملکی اقتصادیات نے قومی سلامتی کے لیے نئے چیلنج کھڑے کردیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں خوف مشکل حالات سے نہیں بلکہ حکمرانوں کی نااہلی اور حماقتوں سے ہے تاہم ہم ملک وقوم کو درپیش مسائل اور مشکلات میں مایوس نہیں ہونے دیں گے۔

مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں ملک کی معیشت تباہ ہو چکی ہے اور کاروباری برادری کا اعتماد مکمل طور پر ختم ہو گیا ہے، اب تو مقامی کاروباری صورتحال بھی انتہائی خراب ہے۔

انہوں ںے کہا کہ پولیو اور ڈینگی سے عوام کو محفوظ نہ رکھ پانے والے حکمران دیگر بڑے مسائل اور قومی مفادات کا تحفظ کیسے کریں گے ؟

یہ بھی پڑھیں ’حکومت ہٹانے کیلئے ہر تحریک کا اول دستہ بنیں گے‘

قائد حزب اختلاف نے کشمیر سمیت ملک کے مختلف حصوں میں زلزلے سے جانی و مالی نقصانات پر رنج وغم اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہنگامی امداد و بحالی کے لیے جامع اور ٹھوس منصوبہ بندی کرے، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اشتراک عمل سے مؤثر لائحہ عمل بنایا جائے۔


متعلقہ خبریں