ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

فوٹو: فائل


اسلام آباد: ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو اقوام متحدہ کی مستقل مندوب کے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے اہم سفارتی عہدوں پر نئی تقرریوں کی منظوری دے دی جبکہ منیر اکرم کو نیویارک میں اقوام متحدہ کا مستقل مندوب مقرر کر دیا گیا۔

وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری محمد اعجاز کو ہنگری میں پاکستان کا سفیر اور سید سجاد حیدر کو کویت میں پاکستان کا سفیر تعینات کر دیا گیا۔ وزارت خارجہ میں ڈائریکٹر جنرل برائے اقوام متحدہ خلیل احمد ہاشمی کو جنیوا میں مستقل مندوب تعینات کر دیا گیا۔

قونصلر جنرل ٹورنٹو عمران احمد صدیقی کو ڈھاکہ میں ہائی کمشنر مقرر کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو 6 فروری 2015 کو اقوام متحدہ میں پاکستان کا مستقل مندوب بنا کر بھیجا تھا۔

یہ بھی پڑھیں کوئی ہو نہ ہو، پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے: وزیراعظم

اقوام متحدہ میں مقرر کیے گئے مستقل مندوب منیر اکرم اس سے قبل بھی اس عہدے پر اپنی ذمہ داریاں ادا کر چکے ہیں وہ اس عہدے پر سال 2002 سے 2008 تک تعینات رہے اور انہیں سابق صدر آصف علی زرداری نے 2008 میں مستقل مندوب کے عہدے سے ہٹایا تھا۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر لکھا کہ اقوام متحدہ میں 4 سال بطور سفیر کام کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، دنیا کے اہم ترین فورم پر پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے اہمیت کا حامل رہاہے۔

ملیحہ لودھی نے منیر اکرم کی تعیناتی پر نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ وزیراعظم کے کامیاب دورہ اقوام متحدہ کے بعد میں نے عہدہ چھوڑنے کی منصوبہ بندی کررکھی تھی،وزیراعظم کے کامیاب دورہ اقوام متحدہ پر حمایت اور سراہنے کی نیک خواہشات کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔


متعلقہ خبریں