انڈین سیکیورٹی فورس کے اہلکار کی لاش بھارتی حکام کے حوالے


سیالکوٹ: پاکستانی حکام نے جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارتی سیکیورٹی فورس کے اہلکار کی لاش بھارتی حکام کے حوالے کر دی ہے۔ 

بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز (بی ایس ایف) اہلکار کی لاش دریائے راوی کے راستے بہہ کر پاکستان آگئی تھی۔ 36 بٹالین کے 54 سالہ بی ایس ایف اہلکار پریپوش منڈل کی لاش جموں سیکٹر سے بہہ کر سیالکوٹ پہنچی تھی۔

سیالکوٹ میں  پنجاب رینجرز نے بی ایس ایف اہلکار کی لاش عنائت شہید پوسٹ پر انڈین حکام کے حوالے کی۔ بھارتی حکام نے لاش واپس کرنے پر پاکستانی حکام کا شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان اس سے قبل بھی  بھارت کے ساتھ جذبہ خیر سگالی کا مظاہرہ کرتا چلا آرہاہے۔

یکم مارچ کو بھارتی پائیلٹ ابھی نندن کو بھی بھارت کے حوالے کیا گیا تھا۔

روانگی سے قبل بھارتی پائلٹ نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ بھارتی میڈیا چھوٹی سی چیز کو مرچ لگا کر پیش کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں ٹارگٹ تلاش کر رہا تھا اسی دوران پاکستان ایئر فورس نے میرا طیارہ گرادیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے اپنا جہاز چھوڑنا پڑا جو ٹوٹ گیا تھا، طیارہ ہٹ ہوا تو میں نےخود کوطیارے سے باہر نکالا، میں نے اپنی پستول گرائی اور بھاگنا شروع کردیا۔

انہوں نے کہا کہ جب میرا پیراشوٹ کھلا نیچے گرا تو میرے پاس پستول تھی،لوگ بہت زیادہ تھے، بچاوَ کا ایک ہی راستہ تھا، پستول گرائی اور بھاگنا شروع کردیا۔

بھارتی پائلٹ کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے دوجوانوں نے مجھے بچایا اوراپنے یونٹ لے گئے، دونوں جوانوں میں سےایک کپتان بھی تھا۔

یہ بھی پڑھیے: ونگ کمانڈر ابھی نندن بھارتی حکام کے حوالے


متعلقہ خبریں