اسلام آباد: دن دیہاڑے ایک کروڑ باون لاکھ کی ڈکیتی

اسلام آباد: دن دیہاڑے ایک کروڑ باون لاکھ کی ڈکیتی

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں چھ افراد دن دیہاڑے پاکستان پوسٹ کی گاڑی سے ایک کروڑ باون لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔

ڈکیتی کا واقعہ تھانہ شہزاد ٹاون کی حدود میں پیش آیا جس کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق جس گاڑی میں واردات  ہوئی وہ آرمڈ نہیں تھی اور مسلح ڈکیت سیکیورٹی گارڈ کی رپیٹر گن بھی لے کر فرار ہو گئے ہیں۔

پاکستان پوسٹ کی گاڑی کے اندر سے لاک مکمل ٹوٹے تھے اور سیکیورٹی گارڈز بھی سادہ کپڑوں میں ملبوس تھے۔

سیکیورٹی گارڈز غیرتربیت یافتہ تھے اس لیے دوران واردات کوئی مزاحمت نہیں کر سکے۔  جس پوسٹ آفس کے سامنے واردات ہوئی وہاں کوئی سیکیورٹی گارڈ تعینات نہ تھا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق گاڑی کو پوسٹ آفس سے باہر کھڑا کر کے ڈاک ڈیلیور کی جارہی تھی جو کہ ضابطہ کی سخت خلاف ورزی ہے۔

ڈی آئی جی آپریشن اسلام آباد کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایس پی سٹی کی نگرانی میں ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس ملزمان کو ٹیکنیکل طریقے سے ٹریس کرنے کی بھرپور کوشش کررہی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ چند ہفتوں سے وفاقی دارالحکومت میں ڈکیتی کی وارداتیں بڑھ گئی ہیں لیکن پولیس مکمل ناکام نظر آ رہی ہے۔


متعلقہ خبریں