’پی ٹی آئی کو گھر بھیجنا ناگزیر ہوگیا ہے‘

پی ٹی آئی حکومت پاکستان کی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکی ہے، احسن اقبال

  • ’حکومت کو گھر بھیجنا ضروری ہوگیا ہے‘

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت پاکستان کی سلامتی کےلیے خطرہ بن چکی اور اسے گھر بھیجنا ناگزیر ہوگیا ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی سے مزدور، کسان، غریب اور متوسط طبقہ پس گیا ہے جبکہ ذراعت کے شعبہ بدحال ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کردیا ہے اس لیے اسے گھر بھیجنا اب ضروری ہوگیا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ اتحاد اور یکجہتی کےساتھ اس حکومت سے ملک کو نجات دلائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حزب اختلاف کی جماعتوں کو مل کر لائحہ عمل بنانا چاہیے، ہم سب یکجہتی کے ساتھ حکمرانوں سے نجات حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ حکومت پاکستان کے مستقبل سے کھیل رہی ہے کیوں کہ ملک صرف جمہوری عمل اور آئین کی بالادستی سے مضبوط ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے ساتھ ہماری یکجہتی کسی سیاسی سوچ کے تابع نہیں۔

اس موقع پر پی پی پی رہنما شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان کے عوام مشکل امتحان سے گزر رہے ہیں جبکہ مہنگائی کی سونامی رکنے کا نام نہیں لے رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں کم کردی گئی ہیں تاہم حکومت نے تمام بوجھ عوام پر ڈال دیا ہے۔

رہنما پی پی پی نے کہا کہ حکومت مینڈیٹ اور عوام کا اعتماد کھو چکی ہے، گیس کے بل پھر عوام کی کمر توڑیں گے۔


متعلقہ خبریں