پاکستان میں خون کے عطیات میں اضافے کے لئے فیس بک کا نیا فیچر


اسلام آباد: فیس بک نے پاکستان میں خون کے عطیات میں اضافے کے لئے خصوصی فیچر متعارف کروادیا ہے۔

سماجی رابطوں کی مشہور ویب سائٹ فیس بک کا نیا فیچر لوگوں کو خون کا عطیہ دینے کے لئے رجسٹریشن کروانے میں مدد دے گا۔ فیچر سے خون کا عطیہ دینے اور وصول کرنے والے افراد میں رابطہ نہایت آسان ہوجائے گا۔

فیس بک میں شعبہ صحت کی ہیڈ آف پروڈکٹ ہیما بوداراجو نے امید ظاہر کی کہ نئے فیچر سے ضرورت مند  افراد کو خواہش مند عطیہ کنندگان سے رابطہ کرنے میں مدد ملے گی۔

پاکستان کا شمار ایسے ممالک میں ہوتا ہے جہاں مریض اور ان کے اہل خانہ اسپتالوں میں خون کی قلت کے باعث مدد کے لئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کا رخ کرتے ہیں۔

پاکستان میں صرف فیس بک پر خون کے عطیات کے لئے ماہانہ ہزاروں پوسٹس کی جاتی ہیں۔ فیس بک پر اس مقصد کے لئے لاتعداد گروپس اور پیجز بنائے جاچکے ہیں جہاں لاکھوں افراد زندگیاں بچانے کے لئے ایک دوسرے سے رابطے میں رہتے ہیں۔

خون کے عطیات حاصل کرنے میں مدد دینے والا فیچر پاکستان سے قبل بھارت اور بنگلہ دیش میں متعارف کروایاجاچکا ہے۔ کمپنی کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں تقریباً 70 لاکھ افراد اس مقصد کے لئے اپنا نام رجسٹر کروا چکے ہیں۔

پاکستان میں فیس بک صارفین خون کاعطیہ دینے کے لئے فیس بک ڈونیٹ بلڈ (facebook.com/donateblood) پرجا کرخود کو رجسٹر کروا سکتے ہیں۔ ضرورت مند افراد فیس بک فائنڈ بلڈ ڈونرز (facebook.com/findblooddonors) پرجا کر عطیات کے لئے درخواست دے سکیں گے۔

فیس بک نے مزید بتایا کہ خون کا عطیہ دینے والوں اور وصول کرنے والے کی معلومات خفیہ رکھی جائیں گی۔ پاکستان میں کسی بھی جگہ بلڈ ڈونیشن کیمپ کا ایونٹ بنایا جائے گا تو فیس بک قریبی عطیہ کنندگان کو خودکار نوٹیفکیشن کے زریعے آگاہ کر دے گا۔

وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز کے زیر انتظام سیف بلڈ ٹرانس فیوژن پروگرام کے نیشنل کوآرڈینیٹر پروفیسر حسن عباس ظہیر نے کہا کہ ادارے کو فیس بک کے ساتھ کام کرنے پر فخر ہے۔ فیس بک کے بلڈ ڈونیشن فیچر سے ہمیں درپیش اہم چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔

پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الہیٰ نے کہا کہ فیس بک کے بلڈ ڈونیشن فیچر سے مجموعی طور پر خون کے عطیات میں اضافہ ہوگا۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق کل آبادی کا ایک فیصد حصہ خون کا عطیہ دے کر ملک میں خون کی قلت کو پورا کرسکتا ہے۔

خون کے عطیات میں مددگار فیچر استعمال کرنے کے خواہش مند فیس بک صارفین اس لنک پر رابطہ کرسکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں