ڈولفن فورس کے اہلکار نے اپنے آپ کو گولی مار کر خود کشی کرلی


لاہور: ڈیرہ غازی خان میں ڈولفن فورس کے اہلکار عدیل احمد نے شاہ سکندر روڈ پر خود کو گولی مار کر خود کشی کر لی ۔

ریسکیو 1122ذرائع کا کہناہے کہ آج سہ پہر تین بج کر 22منٹ پر انہیں کال موصول ہوئی کہ شاہ سکندر روڈ المعروف چٹ روڈ پر ایک شخص نے خود کو گولی مارلی ہے۔

ریسکیو ٹیم وہاں پہنچی تو خود کو گولی مارنے والا شخص جاں بحق ہوچکا تھا ۔

جاں بحق شخص کی شناخت عدیل احمد ولد عبدالرشید کے نام سے ہوئی جو ڈولفن فورس کا اہلکار بتایا گیا۔

ریسکیو ٹیم نے ہلاک ڈولفن فورس کے اہلکار کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے ڈی ایچ کیو ڈیرہ غازی خان منتقل کردی۔

تاحال نوجوان کی خود کشی بابت کوئی بات سامنے نہیں آسکی کہ آخر کار فورس کے نوجوان نے خود کو گولی کیوں ماری اور کیوں اپنی جان لینے پر مجبور ہوا۔

لاہور سے ڈولفن پولیس کے ترجمان  نے کہا ہے کہ ا ہلکار عدیل عارضی طور پر ڈی جی خان میں فرائض سرانجام دے رہا تھاخودکشی کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے۔

ترجمان کے مطابق خودکشی کو تبادلہ کی وجہ سے ڈپریشن کا تاثر دینا حقائق کے منافی ہے۔عدیل ڈولفن اسکواڈ کے چھٹے بیچ کا تربیت یافتہ اہلکار تھا۔


متعلقہ خبریں