بلاول بھٹو اور شہباز شریف کی ملاقات کی اندرونی کہانی

بلاول بھٹو اور شہباز شریف کی ملاقات کی اندرونی کہانی

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نواز کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے بھی آزادی مارچ تک مؤخر کرنے کی حمایت کردی۔

ہم نیوز نے پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور ن لیگ کے صدر شہباز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی پتہ لگالی۔

ذرائع کے مطابق شہباز شریف اور بلاول بھٹو آزادی مارچ مؤخر کرانے پر متفق ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو آزادی مارچ کی تاریخ تبدیل کرنے پر آمادہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو اور ن لیگ کے رہنماء مولانا فضل الرحمان سے جلد ملاقات کریں گے اور ان کو تاریخ مؤخر کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

یاد رہے کہ بلاول بھٹو نے بیان دیا تھا کہ ان کی جماعت دیگر سیاسی قوتوں کے ساتھ مل کرعوام کو اس ظالم حکومت کے چنگل سے چھڑانے کے لیے مشترکہ جدوجہد کرے گی۔

یاد رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں دھرنا دینے اور موجودہ حکومت کے خاتمے کا اعلان کیا ہوا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت عوامی مینڈیٹ کے تحت نہیں آئی اس لیے یہ غیرقانونی ہے، اس کے خلاف جدوجہد کرنا سیاسی قوتوں کا حق ہے۔

جے یو آئی (ف) کے رہنما کا دعویٰ ہے کہ وہ اسلام آباد میں 15 لاکھ افراد کو لائیں گے اور حکومت کے خاتمے تک واپس نہیں جائیں گے۔


متعلقہ خبریں