پاکستان تحریک انصاف کی “مرکزی مارکیٹنگ ٹیم” کا اعلان

پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس: الیکشن کمیشن 16 مارچ کو سماعت کرے گا

فائل فوٹو


اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کی “مرکزی مارکیٹنگ ٹیم” کا اعلان کردیا گیاہے۔ مارکیٹنگ اور ریسرچ ٹیم کے ہیڈ سلمان امجد کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیاہے۔ 

پی ٹی آئی میڈیا سیل کی طرف سے جاری بیان کے مطابق 13 رکنی مرکزی مارکیٹنگ ٹیم مختلف شعبہ جات و موضوعات پر مارکیٹنگ مواد تیار کرے گی۔ ہر موضوع پر کام کی نگرانی کیلئے الگ الگ “سٹریم لیڈ” مقرر کردیے گئے ہیں۔

“سیاحت اور پاکستان” کی برانڈنگ کیلئے ذمہ داریاں “کہکشاں سید” کے سپرد کی گئی ہیں۔ “سرمایہ کاری” کیلئے “موسی شیخ” جبکہ “معیشت اور مالیات” کیلئے “فہد شیخ” نامزدہوئے ہیں۔

“اسلاموفوبیا” سے نمٹنے کے لئے “سعدی منصوری” مرکزی مارکیٹنگ ٹیم میں شامل ہیں جبکہ ریاست مدینہ کی طرز پر “عوامی فلاح و بہبود” کے منصوبوں پر کام کی ذمہ داری “علی چودھری” کے سپرد ہوئی ہے۔

“ہما مقصود” خارجہ امور، ملکی سالمیت اور کشمیر کے حوالے سے کام کی ذمہ دار ہونگی جبکہ “انسداد بدعنوانی و منی لانڈرنگ” کا شعبہ “ابرار باجوہ” کے حوالے کردیا گیا۔

“پنجاب اور پختونخوا کی گورننس” کو اجاگر کرنے کا کام بالترتیب “فرحان زیدی” اور “معراج الحق” کے سپرد جبکہ “احسن طلعت” “ماحولیاتی تغیر اور تعلیم” کے شعبے میں کیا جانے والا کام اجاگر کرینگے۔

“سدرہ عمران” نوجوانوں کے لئے شروع کیے جانے والے پروگرام جبکہ “افضال اکرم” شعبہ “صحت” کے حوالے سے فرائض سرانجام دینگے۔

پی ٹی آئی کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی کی جانب سے مرکزی مارکیٹنگ ٹیم کی تشکیم پر سلمان امجد کو مبارکباد دی گئی ہے۔

سیف اللہ خان نیازی نے کہاہے کہ مرکزی مارکیٹنگ ٹیم مختلف شعبہ ہائے زندگی میں تحریک انصاف کے ویژن اور حکومتی اقدامات کو اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ایک جدید سیاسی جماعت کی صورت میں حکومتی اور سیاسی نظام کی بہتری میں اپنا کردار ادا کرے گی،مرکزی مارکیٹنگ ٹیم کے نومنتخب اراکین کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

سیف اللہ نیازی نے کہا کہ میری دعا ہے کہ مرکزی مارکیٹنگ ٹیم پارٹی آئین کے تحت ملنے والی ذمہ داریوں کو بطریق احسن ادا کرنے میں کامیاب ہو۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے تنظیمی ڈھانچہ تحلیل کرنے کے حوالے سے اطلاعات کی تردید


متعلقہ خبریں