وفاقی کابینہ نے ای کامرس پالیسی فریم ورک کی منظوری دے دی

وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کر لیا

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے ای کامرس پالیسی فریم ورک کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا۔ جس میں وزیر اعظم نے اپنے دورہ امریکا سے متعلق کابینہ کو آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے کابینہ کو عالمی رہنماؤں سے اپنی ملاقاتوں سے متعلق بھی آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے ای سی سی کے فیصلوں اور کابینہ کمیٹی نجکاری کے فیصلوں کی توثیق کر دی۔ اجلاس میں حلال اتھارٹی سے متعلق ای سی سی کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔

کابینہ کے اجلاس میں نیکٹا کو وزارت داخلہ کے ماتحت کرنے کے لیے رولز آف بزنس میں ترمیم کی منظوری دی گئی جبکہ کے پی ٹی کی کثیرالمنزلہ عمارتوں کی تعمیر سے متعلق منصوبے پر بھی غور کیا گیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے ملک بھر میں ڈینگی کی خطرناک صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔

کابینہ اراکین نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں تقریر اور کامیاب دورہ امریکہ پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

کابینہ اجلاس کے بعد وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ اجلاس میں 14 پوائنٹس ایجنڈے پر غور کیا گیا اور وزیر اعظم نے اجلاس میں دورہ امریکہ سے متعلق بھی آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے دورہ امریکہ کے دوران 70 اور وزیر خارجہ نے 50 ملاقاتیں کیں۔ جس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعظم کا امریکہ میں کشمیر مشن کامیاب رہا۔

فردوس عاشق اعوان ںے کہا کہ اسلامو فوبیا سے مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان، ترکی اور ملائیشیا نے چینل لانے کا اہم فیصلہ کیا ہے جو بی بی سی طرز کا اسلامی چینل ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے آٹا کی قیمت کسی صورت نہ بڑھنے دینے کی ہدایت کی ہے، اجلاس میں گوادر پورٹ ٹرسٹ کو ٹیکس فری قرار دینے کا ایجنڈا بھی شامل کیا گیا۔ وزیر اعظم نے ای شاپنگ، آن لائن شاپنگ کو بڑھانے کے لیے روڈ میپ بنانے کی ہدایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں پائیدار امن کے لیے مذاکرات ہی واحد راستہ ہے، شاہ محمود قریشی

وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ حلال اتھارٹی پر بین الوزارتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور وزارت تجارت حلال اتھارٹی پر کام کریں گی۔


متعلقہ خبریں