963 ارب تک ٹیکس وصول کر لیا جائے گا، چیئرمین ایف بی آر


اسلام آباد: چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)شبر زیدی نے کہاہے کہ ہماری درآمدات  کا دباؤ لگ بھگ تین ارب ڈالر کا ہے، اگر یہ درآمدات کا دباؤ نکل جائے تو ہم ٹیکس اہداف کے قریب پہنچ چکے ہیں ۔

اسلام آباد میں تقریب میں شرکت کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ ٹیکس اہداف میں 111 ارب کی کمی ہوگی۔ 963 ارب تک ٹیکس وصول کر لیا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ فی الحال منی بجٹ لانے کا کوئی چانس نہیں ہے،ٹیکس ریفنڈ ادا کر دئیے ہیں ،ٹیکس ریفنڈز کے حوالے سے کوئی ابہام نہیں۔ تاجروں کے ساتھ ہر سطح پر مذاکرات کے لئے تیار ہیں۔

شبر زیدی نے کہا کہ کل پرسوں بھی کاروباری طبقے کو ملاقات کے لئے بلایا ہے،کاروباری طبقے کے لئے شناختی کارڈ کی شرط ختم نہیں کی گئی،ہم نے کاروباری طبقے کو بلایا ہے کہ  آئیں اور بات کریں،شناختی کارڈ کی شرط لازم ہے لیکن ایک دو ماہ اور مزید چل سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام چاہتے ہیں ملک میں ٹیکس نظام بہتر ہو،بلڈرز اور ڈویلپرز کے لئے جلد فکس ٹیکس جیسا کوئی نظام لارہے ہیں۔ بلڈرز کے لئے ایسا نظام لائیں گے جس سے انہیں کاروبار کرنے میں آسانی ہو۔

یہ بھی پڑھیے: تاجروں کی شکایات: ایف بی آر نے افسران کو کاروباری مراکز میں داخلے سے روک دیا


متعلقہ خبریں