پاک اومان ہاکی سیریز، پہلے میچ میں پاکستان کامیاب

فوٹو: فائل


لاہور: پاک اومان ہاکی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی۔ پاکستان ڈویلپمنٹ اسکواڈ نے باآسانی مہمان ٹیم کو شکست دے دی۔

لاہور کے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کے پہلو میں ہونے والے میچ کے پہلے کوارٹر سے ہی گرین شرٹس چھائی رہی۔ ڈویلپمنٹ اسکواڈ نے مہمان ٹیم کی ایک نہ چلنے دی اور ایک کے بعد ایک گول کرتے رہے۔

پاکستان کے رانا عبدالوحید نے 3 گول کیے جبکہ رانا سہیل، حماد انجم، رضوان علی اور امجد علی نے ایک ایک گول اسکور کر کے 7 صفر سے میچ اپنے نام کر لیا۔

میچ جیتنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا عبدالوحید نے اس بات کا عزم کیا کہ آئندہ بھی شاندار کارکردگی کے ذریعے ملک کا نام روشن کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے اور میں نے کافی محنت کی تھی۔ میری کوشش ہوتی ہے کہ اچھا سے اچھا کھیل پیش کروں۔

اومان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور سابق اولمپیئن طاہر زمان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کے ساتھ کھیلنے سے اے ایچ ایف کپ کی تیاری میں مدد ملے گی کیونکہ ٹورنامنٹ سے پہلے ہی کھلاڑیوں کی اچھی پریکٹس ہو رہی ہے۔

پاکستان اور اومان ہاکی ٹیم کے درمیان دیگر 3 میچز 2، 4 اور 5 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں قومی کرکٹ ٹیم آئندہ برس آئر لینڈ اور ندرلینڈز کے خلاف سیریز کھیلے گی

سری لنکن کرکٹ ٹیم کے بعد اب اومان کی ہاکی ٹیم کا پاکستانی میدان میں کھیلنے سے دنیا بھر میں ایک اچھا پیغام جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں