اکتوبر میں دھرنا نہ دیا جائے، لیگی وفد مولانا فضل الرحمان کو قائل کرنے کے لئے کوشاں

فائل فوٹو


اسلام آباد: مسلم لیگ ن کا وفد احسن اقبال کی قیادت میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے آج دوپہر ملاقات کرے گا۔

ذرائع کے مطابق وفد پارٹی کی کور کمیٹی کے فیصلوں سے متعلق مولانا فضل الرحمن کو آگاہ کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفد مولانا فضل الرحمن کو دھرنا موخر کرنے پر قائل کرنے کی کوشش کرے گا، ن لیگ چاہتی ہے کہ اکتوبر میں آزادی مارچ شروع نہ کیا جائے۔

احسن اقبال کی قیادت میں مسلم لیگ ن کا وفد چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ہونے والی ملاقات سے متعلق بھی انہیں آگاہ کرے گا، اس کے علاوہ ملاقات کے دوران کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) بلانے پر بھی مشاورت ہو گی۔

ذرائع کے مطابق ن لیگ کا وفد مولانا حنیف پر ہونے والے حملہ پر مولانا فضل الرحمن سے اظہار تعزیت بھی کرے گا۔

یاد رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں دھرنا دینے اور موجودہ حکومت کے خاتمے کا اعلان کیا ہوا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت عوامی مینڈیٹ کے تحت نہیں آئی اس لیے یہ غیرقانونی ہے، اس کے خلاف جدوجہد کرنا سیاسی قوتوں کا حق ہے۔

جے یو آئی (ف) کے رہنما کا دعویٰ ہے کہ وہ اسلام آباد میں 15 لاکھ افراد کو لائیں گے اور حکومت کے خاتمے تک واپس نہیں جائیں گے۔

یہ بھی پڑھی: ‏مولانا فضل الرحمان اسلام آباد میں ہونگے اور میں پورے ملک کا دورہ کروں گا،بلاول

اس سے قبل بلاول بھٹو زرداری بھی آزادی مارچ میں شرکت نہ کرنے کا عندیہ دے چکے ہیں، 11 ستمبر کو انہوں جامشورو میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ وہ مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کی اخلاقی حمایت کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جس دن اسلام آباد میں دھرنا شروع ہو گا اس دن وہ ملک کا دورہ کریں گے۔

پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے اسی دن کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے اپنے طور پر اسلام آباد لاک ڈاؤن کا  فیصلہ کیا ہے، ہم ان کے مارچ کے بارے میں اجلاس میں فیصلہ کریں گے۔

 


متعلقہ خبریں