الیکشن کمیشن نے قاسم سوری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کیخلاف بھی تحریک عدم اعتماد جمع

فوٹو: فائل


اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن واپس لیتے ہوئے این اے 265 کوئٹہ کی نشست کو خالی قرار دے دیا ہے۔

یاد رہے الیکشن ٹربیونل نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 265 کوئٹہ ٹو سے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی کامیابی کالعدم قرار دیتے ہوئے حلقے میں دوبارہ انتخابات  کرانے کا حکم  دیا ہے۔

الیکشن ٹربیونل نے انتخابی عذرداری پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ بلوچستان عوامی پارٹی (بی این پی) کے امیدوار لشکری رئیسانی نے قاسم  سوری کی کامیابی کو چیلنج کیا تھا۔

ٹریبونل نے یہ فیصلہ 14 ستمبر کو حلقے میں مبینہ دھاندلی کی درخواست پر سماعت اور فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ کیا تھا۔

ڈپٹی اسپیکرقومی اسملبی قاسم خان سوری کی جانب سے ایڈووکیٹ بابر اعوان پیش ہوئے تھے جبکہ ایڈووکیٹ محمد ریاض نے درخواست دہندہ نوابزادہ لشکری رئیسانی کی جانب سے  عدالت میں دلائل دیے۔

لشکری رئیسانی کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ بلوچستان کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 265 میں کل ایک لاکھ 14 ہزار ووٹ کاسٹ ہوئے تھے۔ ایک لاکھ میں سے صرف 50 ہزار ووٹ درست قرار دئیے گئے۔

حلقے میں ڈالے گئے ووٹوں کی تصدیق سے متعلق نادرا کی رپورٹ بھی الیکشن ٹریبونل میں پیش کی گئی تھی۔

درخواست کی سماعت بلوچستان ہائیکورٹ کے جسٹس عبداللہ بلوچ نے کی تھی۔

بعد ازاں گزشتہ روز  قاسم سوری نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق قاسم سوری کی جانب سے فیصلے کے خلاف اپیل ایڈووکیٹ نعیم بخاری کی جانب سے دائر کی گئی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ٹریبونل نے شواہد کا جائزہ نہیں لیا۔

درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ انتخابی عمل میں بے ضابطگیاں میرے مؤکل سے منسوب نہیں ہو سکتیں لہٰذا الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔


متعلقہ خبریں