ڈولفن فورس کے اہلکار کی خودکشی، ذمہ دار کون؟


لاہور: ذرائع کے مطابق گزشتہ رواز خود کو گولی مارنے والے ڈولفن فورس کے اہلکار عدیل نے مبینہ طور پر سپریٹنڈنٹ پولیس  (ایس پی) ڈولفن کے رویے کی وجہ سے خود کشی کی۔

ہم نیوز نے عدیل اور اس کے ساتھی کے واٹس ایپ میسجز حاصل کر لیے جن کے مطابق عدیل ایس پی ڈولفن بلال ظفر کے دفتر ٹرانسفر روکوانے گیا تھا۔

ایس پی بلال ظفر نے اس موقع پر عدیل سے سردمہری کا اظہار کیا اور کہا کہ خود کشی کر لو یا نوکری سے فارغ ہو جاؤ، ڈیرہ غازی خان تو جان ہی پڑے گا۔

بلال ظفر کے اس رویے پر ڈولفن اہلکار عدیل دلبرداشتہ ہو کر ایس پی کمرے سے نکل آیا اور گزشتہ روز عدیل نے اسی رویے پر خود کو گولی مار لی۔

ذرائع ہم نیوز کے مطابق عدیل کا تبادلہ مورخہ25 ستمبر کو ڈی جی خان افسران بالا کے حکم سے ہوا تھا۔

اس سب پر ایس پی بلال ظفر کا کہنا تھا کہ اہلکار کو غیر حاضری پر نرم رویہ رکھتے ہوئے وارننگ دی گئی تھی، ساتھی اہلکاروں کے مطابق عدیل شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ڈیرہ غازی خان میں ڈولفن فورس کے اہلکار عدیل احمد نے شاہ سکندر روڈ پر خود کو گولی مار کر خود کشی کر لی تھی۔

ریسکیو 1122 ذرائع کا کہنا تھا کہ آ سہ پہر تین بج کر 22 منٹ پر انہیں کال موصول ہوئی کہ شاہ سکندر روڈ المعروف چٹ روڈ پر ایک شخص نے خود کو گولی مارلی ہے۔

ریسکیو ٹیم وہاں پہنچی تو خود کو گولی مارنے والا شخص جاں بحق ہوچکا تھا۔

جاں بحق شخص کی شناخت عدیل احمد ولد عبدالرشید کے نام سے ہوئی جو ڈولفن فورس کا اہلکار بتایا گیا۔

ریسکیو ٹیم نے ہلاک ڈولفن فورس کے اہلکار کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے ڈی ایچ کیو ڈیرہ غازی خان منتقل کردی۔


متعلقہ خبریں