وزارت خارجہ کے افسران سے رابطے کےلئے خصوصی بندوبست کررہاہوں، شاہ محمود

افغان امن عمل سمیت خطے میں استحکام کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے، وزیر خارجہ

اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود حسین قریشی نے کہاہے کہ ہمیں آج خارجہ محاذ پر بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، ان چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے بھر پور انداز میں تیاری کرنا ہو گی۔ 

آج اسلام آباد میں وزارت خارجہ کے افسران سے خطاب میں مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میری ٹیم الحمداللہ بہت اچھی ہے اور میں انتہائی پر امید ہوں کہ یہ ٹیم پاکستان کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کرے گی۔

وزیر خارجہ نے کہامیں نادرا سے ایک خصوصی ایپلیکیشن بنوا رہا ہوں جس کے ذریعے وزارت خارجہ کے تمام افسران میرے ساتھ منسلک ہو جائیں گے اور میری توقع ہو گی کہ افسران رینک اور گریڈ سے بالاتر ہو کر مجھے تجاویز دیں کہ کیسے ہم اس سروس کو مزید نتیجہ خیز بنا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا مجھے علم ہے کہ وزارت خارجہ کے افسران جانفشانی سے کام کرتے ہیں یہاں رات گئے تک کام ہوتا ہے یہ وہ وزارت ہے جہاں ہفتہ وار چھٹیوں کا کوئی رواج نہیںلیکن وقت بدل چکا ہے تقاضے بدل چکے ہیں سوشل میڈیا متحرک ہے ہمیں باقی میڈیم کے ساتھ ساتھ اس پر بھی مزید فعال ہونے کی ضرورت ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میرے نزدیک گریڈ کی نہیں کارکردگی کی اہمیت ہے اور میں ہمیشہ کارکردگی کو اہمیت دیتا ہوں اور دونگا۔12 مشنز ابتدائی طور پر ہم نے سلیکٹ کیے ہیں جہاں ہم فارن آفس ویڈیو سروس شروع کر رہے ہیں تاکہ ربط کو مزید بہتر اور فعال بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے طور طریقوں کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنا ہو گا، میرے نزدیک کام نہ کرنے والوں کی کوئی جگہ نہیں ہے، وزارت خارجہ کے افسران بطور اسٹنٹ ڈائریکٹر آتے ہیں اور یہیں سے بطور سیکرٹری ریٹائر ہوتے ہیں یہی اس سروس کی خوبصورتی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ فارن آفس کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنے اور ان کی کارکردگی کو مزید فعال اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔مشاورتی کونسل کا قیام ہمارا بہت احسن اقدام تھا اس کے ذریعے ہمیں بہت رہنمائی ملی اور مل رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اکنامک ڈپلومیسی ہماری اہم ترین ضرورت ہے ہمیں معاشی خود انحصاری کیلئے اکنامک ڈپلومیسی کو بروئے کار لانا ہو گا،ہمیں زیر تربیت افسران کو پڑھائے جانے والے کورسز کو دیکھنا ہو گا اور انہیں بھی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا ہو گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارے وہ افسران جنہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ان کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے وزارت خارجہ نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس پر میں آپ سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ کشمیر سیل کا قیام ہماری اہم ضرورت تھی آج اس کا چوتھا اجلاس وزارت خارجہ میں ہو گا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا میں نے قونصلر سیکشن کا دورہ کیا اور مجھے خوشی ہوئی کہ وہاں موجود سب لوگوں نے ہمارے افسران کی تعریف کی،آج اگر آپ کسی کھوکھے والے سے لیکر یونیورسٹی کے پروفیسر تک کسی سے پوچھتے ہیں کہ کون سی وزارت کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے تو مجھے خوشی ہے کہ سب لوگ بلا مبالغہ وزارت خارجہ کا نام لیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تین دفعہ پارلیمنٹ میں آپ کی کارکردگی کو سراہا گیا ہے۔ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ہمارے دور میں پوسٹنگ کارکردگی کی بنیاد پر ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیے: پائیدار امن کے لیے مذاکرات ہی واحد راستہ ہے، شاہ محمود قریشی


متعلقہ خبریں