سپریم کورٹ نے نیب کو سرکاری افسر کی گرفتاری سے روک دیا


کراچی: سپریم کورٹ نے نیب کو سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے سابق ڈپٹی ڈائریکٹر ذیشان حیدر نقوی کی گرفتاری سے روک دیا۔ ضمانت مانگنے پر ملزم کو سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔

بدھ کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں زمینوں کے غیرقانونی استعمال سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ جسٹس مشیر عالم اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے مختلف درخواستوں پر سماعت کی۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ سرکاری زمینوں کو کمرشل مقاصد کے لیے فروخت کیا گیا ہے۔

سابق ڈپٹی ڈائریکٹر ریکارڈ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ذیشان حیدرنقوی ضمانت کے لیے سپریم کورٹ میں پیش ہوئے۔

ملزم ذیشان حیدر کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سندھ ہائی کورٹ نےعدم حاضری پر ذیشان حیدر نقوی کی ضمانت واپس لےلی ہے۔ ذیشان حیدر کی قومی احتساب بیورو ( نیب ) کے ہاتھوں گرفتاری کا خدشہ ہے اس لیے ضانت دی جائے۔

سپریم کورٹ نے ملزم ذیشان حیدر کو سندھ ہائی کورٹ سے ہی رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے نیب کو ملزم کی گرفتاری سے روک دیا ہے۔

نیب پراسیکیوٹر نے الزام لگایا کہ ملزم نے تین تلوار کے قریب سرکاری اراضی کو غیر قانونی طریقے سے الاٹ کیا ہے۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سرکاری زمینوں پر قبضے کے حوالے سے مختلف درخواستیں زیرسماعت ہیں۔


متعلقہ خبریں