سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان کا بین الاقوامی فورم سے خطاب

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبوں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا اور ان منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح  ہے۔

اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبہ پاک چین دوستی کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ چند روز میں چین کا دورہ اور چینی قیادت سے ملاقاتیں پاک چین دوستی کو مزید مستحکم کرنے اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوں گی۔

اجلاس میں وزیرِ منصوبہ بندی، وزیر توانائی، چئیرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی و دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں سی پیک کے تحت مختلف منصوبوں پر پیش رفت پر بات چیت کی گئی۔

اجلاس میں معیشت کے دیگر اہم شعبہ جات میں دوست ملک چین سے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

وزیرِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ڈیجیٹل پے منٹ، بیٹری اسٹوریج ریسرچ، اور نباتات و حیوانات سے متعلق بریفنگ دی۔

بریفنگ کے دوران انہوں نے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور معیشت کے اہم شعبوں کی ترقی کے لئے پاک چین دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کا بے شمار پوٹینشل موجود ہے۔

وزیرِ منصوبہ بندی خسرو بختیار نے اجلاس کو سی پیک کے تحت جاری منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔

وزیرِ منصوبہ بندی خسرو بختیار نے اجلاس کو مختلف منصوبوں پر عمل درآمدکی رفتار کو تیز کرنے کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کیا۔

وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد نے سی پیک کے اہم منصوبے مین لائن ایم ایل ون پر اب تک کی پیش رفت اور منصوبے کے ممکنہ ثمرات سے شرکاء کو آگاہ کیا۔


متعلقہ خبریں