اب واٹس ایپ بھی خودکار طریقے سے میسج ڈیلیٹ کر دے گا!


اسلام آباد: دنیا بھر میں میسجنگ کے لیے سب سے زیادہ استعمال کی جانے والی ایپلیکیشن (ایپ) اب خودکار طریقے سے میسج ڈیلیٹ کرنے کا آپشن متعارف کرا رہی ہے۔

فیس بک کی ملکیت اس ایپ میں اسنیپ چیٹ کے فیچر سے مماثلت رکھتا ایک فیچر متعارف کرایا گیا ہے جس کے بعد واٹس ایپ میں بھیجے گئے میسجز بھی خودکار طریقے سے ڈیلیٹ ہو جائیں گے۔

یہ فیچر اس صورت میں بہت مددگار ثابت ہوتا ہے جب میسج بھیجنے والا یہ نا چاہتا ہو کہ اس کی شیئر کی گئی معلومات زیادہ دیر تک وصول کنندہ کے پاس رہیں۔

واٹس ایپ میں اس فیچر کی ابتدائی طور پر دی جانے والی معیاد 05 سیکنڈ اور 01 گھنٹہ ہے، اس کے علاوہ ابھی تک کوئی آپشن نہیں دیا گیا۔

خودکار طریقے سے میسج کے ڈیلیٹ ہونے کا آپشن بِیٹا وریژن میں گروپ چیٹس کے لیے فعال ہے، امید کی جا رہی ہے کہ ذاتی تھریڈز کے لیے بھی یہ فیچر جلد ہی متعارف کرادیا جائے گا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی واٹس ایپ نے سنیپ چیٹ فیچر کی طرز پر 24 گھنٹوں کے لیے نظر آنے والی ’اسٹوری‘ کا فیچر بھی متعارف کرایا تھا جسے کافی پذیرائی بھی ملی تھی۔


متعلقہ خبریں