پی ٹی آئی سندھ نے وزیر صحت کو ہٹانے کا مطالبہ ایک بار پھر دہرا دیا

ایڈز پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں گے، عذرا پیچوہو

فوٹو: فائل


کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو  سے استعفی کا مطالبہ دہرا دیا ہے۔ 

کراچی میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سکھر میں گیسٹرو ، مٹھی ، شکارپور ، میرپورخاص واقعات کراچی میں نگلیریا ، ڈینگی ، لاڑکانہ میں ایڈز ، بدین میں ٹی بی کی صورتحال پر صوبائی وزیر کو برطرف کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ سکھر میں چند گھنٹوں میں گیسٹرو کے 30سے زائد مریض اسپتال لائے گئے ہیں ،لوگوں کو اسپتالوں میں ایمبولینس کی سہولت تک میسر نہیں ، فیول نجی گاڑیوں اور بیچنے میں استعمال ہورہا ہے۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ہیلتھ کیئر کمیشن کا ادارہ اپنی کارکردگی دکھانے کے بجائے وزراء اور سیکریٹریز کی جی حضوری میں مصروف ہے ،صوبائی وزیر صحت محکمے اور سندھ کی عوام کے لیے اب جان لیوا مرض ثابت ہوچکی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سب اچھا ہے کے خالق وزیر اعلیٰ اخلاقی جراٗت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور اپنی کابینہ سے وزیرصحت کو فارغ کریں ،سندھ حکومت میں وزارتیں اہلیت کی بنیاد پر نہیں خاندانی تعلقات اور نعرے لگانے پر بانٹی جاتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: کانگو وائرس سے بچاؤ کے اقدامات محکمہ لائیو اسٹاک کی ذمہ داری ہے،وزیر صحت سندھ

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پورے سندھ کو امراض نے گھیرا ہوا ہے جبکہ وزیرصحت کو کسی بات کا بھی علم نہیں ہے ،کتے کے کاٹنےپر لگائی جانے والی ویکسین کی بجاء اب لوگ کتوں کا ٹیسٹ کروارہے ہیں کہ وہ پاگل ہیں یا نہیں ؟ بلاول کی ہیلتھ ایمرجنسی میں ان کی اپنی وزیر عوام کے لیے مرض بن چکی ہیں۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ حکومت سندھ کی عوام پر رحم کھاکر وزیر صحت کو تبدیل کرے۔پی ٹی آئی رہنما نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ وفاقی حکومت سندھ میں صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرے ۔


متعلقہ خبریں