’دنیا میں پاکستان کو جو عزت اور وقار ملا اس کی وجہ عمران خان ہیں‘

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ آج دنیا میں پاکستان کو جو عزت اور وقار ملا اس کی وجہ عمران خان ہیں۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کشمیر کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کیا، وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں کھڑے ہو کے آواز اٹھائی کہ اگر آج مغرب میں کشمیر جیسا حال ہوتا تو کوئی خاموش نہ رہتا۔

مراد سعید نے کہا کہ یہ عمران خان ہی ہیں جنہوں نے مودی کا حقیقی چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا، ہم کشمیریوں کے لیے آخری سانس تک  لڑیں گے۔

وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ پاکستان کو ایک اچھا لیڈر ملا ہے جس نے ملک کا تشخص بحال کیا ہے۔

انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پہلے ایک حکمران کے ہاتھ میں پرچی ہوتی تھی اور ہمارے عمران خان کے ہاتھ میں تسبیح ہے۔

اجلاس سے خطاب میں ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے مسائل چوروں کی مجلس کی وجہ سے حل نہیں ہو رہے تھے۔

مراد سعید نے کہا کہ ماضی  کے حکمرانوں نے ملک کو لوٹا ،کرپشن  کی اور معیشت برباد کی، ملک کے ساتھ دھوکہ کرنے والے آج جیلوں میں ہیں جب کہ ملک ترقی کی جانب گامزن ہے اور معیشت بہتر ہورہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک اور بھی آگے جائے گا اور ان لٹیروں  کے سامنے ترقی کرے گا۔


متعلقہ خبریں