ایکنک نے اربوں روپے مالیت کے بڑے منصوبوں کی منظوری دے دی

ایکنک نے اربوں روپے مالیت کے بڑے منصوبوں کی منظوری دے دی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنک) نے اربوں روپے مالیت کے مختلف بڑے منصوبوں کی منظوری دے دی۔ جس میں ییلو بس ریپڈ ٹرانزٹ کا منصوبہ بھی شامل ہے۔

مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت ایکنیک کا اجلاس ہوا جس میں مختلف منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں ہائی ویز اور انفراسٹرکچر کے اربوں روپے کے منصوبوں کی منظوری کے علاوہ کراچی کے علاقے لانڈھی سے نمائش تک 21 کلومیٹر کا ییلو بس ریپڈ ٹرانزٹ، بی آر ٹی کوری ڈور منصوبے کی بھی منظوری دی گئی۔

ییلو بس ٹرانزٹ منصوبے پر 61 ارب 43 کروڑ روپے لاگت آئے گی اور منصوبے میں سرمایہ کاری ورلڈ بینک کرے گا۔ اس منصوبے پر 28 اسٹیشنز ہوں گے جن پر 268 بسوں کی سہولت موجود ہو گی۔ اس منصوبے سے 3 لاکھ شہری روزانہ فائدہ اٹھائیں گے۔

اجلاس میں پشاور سے طور خم کے لیے 47.55 کلومیٹر طویل موٹروے پراجیکٹ کی منظوری دی گئی، اس منصوبے پر 36 ارب روپے سے زائد کی لاگت آئے گی جس پر 34 ارب روپے ورلڈ بینک فراہم کرے گا۔

جبکہ ڈھرکی، رحیم یارخان، بہاولپور اور چشتیاں کے 220 کے وی گرڈ اسٹیشنز کو ایک دوسرے سے منسلک کرنے کے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی۔ بجلی گھروں کو ایک دوسرے سے منسلک کرنے کا مقصد جنوبی علاقوں کو توانائی کی بہتر فراہمی ہے۔

اجلاس میں گوادر پورٹ کے مشرقی کنارے پر 4 رویہ ایکسپریس وے تعمیر کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ اس 19 کلومیٹر طویل ایکسپریس وے کو مستقبل میں 6 رویہ کرنے کی گنجائش رکھی جائے گی۔

ایکسپریس وے منصوبہ مکمل ہونے سے گوادر پورٹ مکران کوسٹل ہائی وے سے لنک ہو جائے گی۔ منصوبے کے تحت ایکسپریس وے پر ایک انٹرچینج اور 4 پل بنائے جائیں گے اس کے علاوہ ایکسپریس وے پر پیدل چلنے والوں کے لیے بھی 4 مقامات پر پل تعمیر کیے جائیں گے۔

ایکنک نے کرتار پور راہداری کے منصوبے کے لیے فنڈز کی بھی منظوری دی، داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی لاگت میں اضافے کی وجہ سے 511 ارب روپے کے اضافی فنڈز کی منظوری دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں شماریات بیورو نے مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کر دیے

لاہور میں نکاسی آب اور بی آر ڈی بی نہر کا پانی صاف کرنے کے لیے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے کی منظوری دی گئی جس کے لیے 21 ارب روپے کا بجٹ بھی منظور کیا گیا، لاہور میں واٹر ٹریٹمنٹ کے منصوبے سے شادی پورہ، باغبان پورہ، فتح گڑھ اور مصطفیٰ آباد کو پینے کا پانی مہیا کیا جا سکے گا۔


متعلقہ خبریں