’پیسے لے کر دھرنا دینے جا رہے ہیں‘

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیربرائے ہوا بازی غلام سرور نے الزام لگایا ہے کہ مولانا فضل الرحمان پیسے لے کر دھرنا دینے جا رہے ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام’بڑی بات‘ میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دونوں بڑی پارٹیاں(ن لیگ، پی پی پی) اپنی جان چھڑانے کے لیے مولانا کو استعمال کر رہے ہیں۔


وفاقی وزیر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ماضی میں بھی استعمال ہوتے رہے ہیں اور آئندہ بھی ہوں گے، وہ پیسے لے کر کسی کو بھی اپنی خدمات فراہم کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’نواز، زرداری نے حکومت گرانے کا کہا‘

غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ ہندوستان سے بھی پیسے لے کر دھرنا دیں گے۔

دھرنے کی صورت میں حکومت کا لائحہ عمل کیا ہوگا؟ اس سوال کے جواب میں حکومتی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن ایک سال سے متحد نہیں ہو سکی اور دھرنے میں متحد نہیں ہوگی۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ حکومت کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے اور بد امنی پیدا کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔

دوسری جانب جمیعت علمائے اسلام(ف) کے رہنما حافظ حسین احمد کے مطابق آصف علی زرداری اور نوازشریف نے مولانا فضل الرحمان کو حکومت گرانے کا کہا تھا۔

حافظ حسین احمد نے کہا کہ جے یو آئی  اکتوبر کے آخر میں اسلام آباد آنے کا ارادہ رکھتی ہے لیکن اگر کوئی جماعت دس پندرہ دن بعد اپنے کارکن لانا چاہتی ہے تو ان کا استقبال کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں