مولانا فضل الرحمان اسلام آباد نہ آئیں ڈینگی کاٹ لے گا، شیخ رشید

فوٹو: فائل


کراچی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے مولانا فضل الرحمان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اسلام آباد نہ آئیں وہاں ڈینگی ہے کہیں انہیں بھی کاٹ نہ لے۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کراچی ائرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سال کے آخری تین مہینے انتہائی اہم ہیں، مولانا فضل الرحمان کو کہہ دیا ہے مسلم لیگ ن پر بھروسہ نہ کرنا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان حزب اختلاف کو سینگوں پر اٹھا لے گا۔ ڈھیل کی بات کی ہے لیکن ڈیل کی بات نہیں کی۔ وزیر اعظم کسی کو ڈیل نہیں دیں گے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ تین سال سے پہلے معیشت تبدیل نہیں ہو گی۔ ہم کل ایک اور ٹریڈ ٹرین چلانے جا رہے ہیں جس کے بعد کُل 4 ٹرینیں ہو جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ ہمیں طعنے دے رہے تھے کہ ہم ایم ایل ون نہیں بنا سکیں گے ان کو بتا دوں کہ اب ہم ایم ایل ٹو بھی بنائیں گے اور بلٹ ٹرین چلائیں گے جبکہ ایم ایل ون کی وجہ سے ایک لاکھ لوگوں کو روزگار ملے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بارشوں کی وجہ سے جو ٹرینیں لیٹ ہوئی تھیں وہ جلد اپنے مقررہ وقت پر چلیں گی۔

کشمیر سے متعلق بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں خود کشمیری ہوں اور وزیر اعظم عمران خان نے بہت اچھے طریقے سے کشمیر کے مسٸلے کو اجاگر کیا ہے۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے تاریخی غلطی کی ہے اور اب وہ یہاں پھنس گیا ہے۔ یہ مودی کا غیر دانشمندانہ فیصلہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں جے یو آئی ف اور ن لیگ میں مارچ مؤخر کرانے پر اتفاق نہ ہوسکا، اندرونی کہانی

انہوں نے قلمدان تبدیل کیے جانے کے سوال پر کہا کہ عمران خان میرا دوست ہے اور میرا قلمدان تبدیل نہیں ہو رہا۔ اس حوالے سے میری عمران خان سے تین بار بات ہو چکی ہے۔


متعلقہ خبریں