مولانا فضل الرحمان کا آزادی مارچ کب ہوگا؟ فیصلہ آج متوقع


اسلام آباد: جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا آزادی مارچ کس دن منعقد کیا جائے گا، فیصلہ آج متوقع ہے۔

آج دن گیارہ بجے جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) ف کی مرکزی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس مولانا فضل الرحمان کی صدارت میں طلب کیا گیا ہے جس میں آزادی مارچ کی تیاریوں اور تاریخ پر حتمی مشاورت کی جائے گی۔

اجلاس جے یو آئی (ف) کے سب آفس آئی نائن میں طلب کیا گیا ہے۔

ذرائع ہم نیوز کے مطابق اجلاس میں مسلم لیگ ن کی جانب سے بنائی جانے والی سفارشات پر غور کیا جائے گا۔

جے یو آئی ف کے اجلاس کے دوران نیب کے جے یو آئی کے خلاف تنگ ہونے والا گھیراؤ اور چمن میں پارٹی رہنما پر ہونے والے خودکش حملہ کے بعد سے پیدا ہونی والی صورتحال کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز یہ انکشاف ہوا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ کے لیے کنٹینر خرید لیا ہے۔

یہ انکشاف کنٹینر تیار کرنے والے نوید نے ہم نیوز کے پروگرام ’صبح سے آگے‘ میں کیا تھا۔

نوید کا کہنا تھا کہ بہترین کنٹینر آٹھ لاکھ روپے میں تیار کیا جاتا ہے جبکہ اس کا ماہانہ کرایہ 15 ہزار روپے وصول کیا جاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایک کنٹینر میں چار کمرے، واش روم اور کچن  شامل ہوتے ہیں۔

نوید کا مزید کہنا تھا کہ کنٹینر کانفرنسز کے لیے بھی تیار کیے جاتے ہیں۔


متعلقہ خبریں