پروین رحمان قتل کیس کی سماعت 21 مارچ تک ملتوی

پانچ برس گزرنے کے باعث معاملہ (حل نہ ہونا) شرمندگی کا باعث ہے، عدالت

  • پولیس کا طریقہ کار ہے بندہ مار کرجرم اس پر ڈال دو، چاروں صوبوں میں یہی چلتا ہے، عدالت

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے سماجی رہنما پروین رحمان قتل کیس کی سماعت 21 مارچ تک ملتوی کردی ہے۔

بدھ کے روز مقدمے کی سماعت جسٹس شیخ عظمت کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی۔

سپریم کورٹ کے جج جسٹس شیخ عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ ”پانچ برس گزرنے کے باعث معاملہ شرمندگی کا باعث ہے۔ پولیس کا طریقہ کار ہے بندہ مار کرجرم اس پر ڈال دو۔ چاروں صوبوں میں یہی چلتا ہے۔”

عدالت نے کہا کہ ”معاملے کی تہہ تک جانا ہے، امید ہے جے آئی ٹی تندہی سے کام کرے گی۔”

سندھ حکومت کے وکیل نےعدالت کو بتایا کہ معاملے پرنئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی گئی ہے جب کے تمام ملزمان گرفتار کیے جاچکے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کیس خراب کرنے والے افسران کو نوکری سے نکال دیا گیا ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ جوڈیشیل انکوائری میں ثابت ہوا ہے کہ دو افسران نے شواہد تباہ کیے۔ جے آئی ٹی میں سندھ پولیس کو شامل کرنے پراعتراض ہے۔


متعلقہ خبریں