‘جب کوئی ڈینگی سے مرتا ہے تو لاکھوں شہباز شریف کو یاد کرتے ہیں’


اسلام آباد: سینئر تجزیہ کار حسن نثار نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اپنی ناقص پالیسیوں کے باعث بہت تیزی سے غیر مقبول ہوتی جا رہی ہے، یہ لوگ اپنے بوجھ تلے خود دب رہے ہیں۔ 

ہم نیوز کے پروگرام نیوز لائن میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لوگ اب یہ کہنے پر مجبور ہو گئے ہیں کہ پی ٹی آئی پنجاب سے کس بات کا انتقام لے رہی ہے۔

انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے جس صوبے سے سب سے زیادہ ووٹ لیے وہاں گورننس کا فقدان ہے، ان سے ڈینگی تک سنبھالا جا رہا۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں اسٹیک ہولڈر صرف ایک شخص ہے وہ ہے عمران خان، میں نے وزیراعظم کو کئی مرتبہ کہا ہے کہ لوگ تمھارا ورلڈ کپ بھول جائیں گے، تمھارا نمل بھول جائیں گے لیکن تمھاری حکومت نہیں بھولیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جب پنجاب میں ایک شخص ڈینگی سے مرتا ہے تو دس لاکھ لوگ شہباز شریف کو یاد کرتے ہیں، میرا جیسا بندہ جس نے غیر مشروط پی ٹی آئی کی حمایت کی ہے وہ یہ کہ رہا کہ یہ لوگ ناکام ہو گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کی چیخیں نکل چکی ہیں، کبھی ڈینگی تو کبھی لا اینڈ آرڈر کی صورتحال ان سے سنبھالی نہیں جا رہی۔

حسن نثار نے کہا کہ حکومت نے بیروکریسی سے لے کر میڈیا تک لوگوں کو تنگ کر کے رکھ دیا ہے، یہ لوگ ٹی وی بنا کر اسلام کی تشریح کرنے جا رہے ہیں جنہیں تشریح کا مطلب بھی نہیں آتا۔

انہوں نے کہا کہ عید کے چاند پر یہ لوگ لڑ رہے ہوتے ہیں، نمازوں کے اوقات ایک نہیں اور اسلام کے ٹھیکے دار بننے جا رہے ہیں، کل کو ایران اور سعودی عرب بھی اپنا چینل لے آئیں گے اور کہیں گے کہ ہم اسلام کی اپنی تشریح کر رہے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں