پی ٹی وی پارلیمینٹ کا نیا چینل لا رہے ہیں، مریم اورنگزیب

'عطاالحق قاسمی کی تعیناتی میں کوئی بددیانتی نہیں ہوئی'

ن لیگ کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

فائل فوٹو

  • 'پاکستان کی پہلی ثقافتی اور فلم پالیسی کا اجراء کر دیا گیا'
  • 'اوپن ائیر تھیٹر کے قیام کی تجویز کی حمایت کرنی چاہیے'
  • 'بھارتی نشریات کی پاکستانی سرحدی علاقوں میں یلغار ہے'
  • 'فلموں کے آلات کی درآمد پر مراعات دی جا رہی ہیں'

اسلام آباد:قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے اجلاس میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ 2007 سے اوپن ایئر تھیٹر بنانے کی بات ہو رہی ہے۔ پی این سی اے کی جانب سے بھی نیا تھیٹر بنانے کی تجویزدی گئی ہے۔

مریم اورنگزیب نے لوک ورثہ اور پی این سی اے کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ادارے بہترین کام کر رہے ہیں۔ پی این سی اے مسلسل 24 گھنٹے کام کر رہا ہے ہر روز وہاں تقافتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ ادارے کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر تمام سرگرمیاں ویب سائٹ پر شیئر کی جاتی ہیں۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات نے آرٹ اور کلچر کو پروموٹ کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں ثقافتی ڈھانچے کی بہتری وقت کی ضرورت ہے۔ نوجوانوں میں قومی ثقافت کو فروغ دینے کے لئیے اوپن ائیر تھیٹر قائم کرنے کی تجویز کی حمایت کرنی چاہیے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت نے اس ضمن میں پاکستان کی پہلی تقافتی اور فلم پالیسی کا اجراء کیا۔  فلم پالیسی پرتقریباً نو ماہ تک کام کیااور پالیسی کی تشکیل میں دوسرے ممالک کی پالیسیوں اور تجربات سے استفادہ حاصل کیا۔

وزیر مملکت نے حکومتی منصوبوں سے کمیٹی کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ فلموں کے آلات کی درآمد پر مراعات دی جا رہی ہیں۔ 30 سال کے بعد ڈائریکٹوریٹ آف فلم اینڈ پبلیکیشنز کو بحال کیا جا رہا ہے۔ فلم فنانس فنڈ کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جو نوجوانوں کے لیے فلم میکنگ میں مددگار ثابت ہو گا۔

مریم اورنگزیب نے مزید بتایا کہ فلمی صنعت کو باقاعدہ ایک صنعت کا درجہ دیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ کا قیام بھی عمل میں لا رہے ہیں۔۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ ماضی میں پاکستان دنیا میں فلمیں بنانے کے حوالے سے تیسرا بڑا ملک تھا۔ لیکن ہماری ثقافت کو کافی نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے ہمارے بچے آج کل بھارتی مواد دیکھ رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے امید ظاہر کی کہ اگر تکنیکی اعتبار سے اعلی فلمیں بنائی جائیں تو اگلے دس سال میں ہماری فلمیں خطے میں سب سے زیادہ مقبول ہوں گی۔

وزیراطلاعات و نشریات نے اعلان کیا کہ پی ٹی وی پارلیمنٹ کا علیحدہ چینل لانچ کیا جا رہا ہے۔ کچھ برس قبل پی ٹی وی کی ایک سکرین تھی تو زیادہ ہم آہنگی تھی۔ اسکرینز کی تعداد میں اضافہ ہونے کے سبب معیار میں فرق پڑا ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پی ٹی وی میں اصلاحات لا کر نشر ہونے والے مواد کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بچوں کی تربیت کے حوالے سے زیادہ مواد نشر کئے جانے کی کوششیں بھی کی جارہی ہیں۔

عطاالحق قاسمی کی تقرری کے معاملے پر وزیر اطلاعات نے اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ عدالت میں ہے۔عطاالحق قاسمی پی ٹی وی کے چیئرمین کی پوزیشن کے لیے موزوں ترین امیدوار تھے ان کی تعیناتی میں کوئی بددیانتی نہیں کی گئی۔

مریم اورنگزیب نے اجلاس کو بتایا کہ عطاالحق قاسمی 2007 میں چیئرمین نہ تھے لیکن ان کے بیٹے کو اس وقت سے بطورلکھاری ادائیگی کی جارہی ہے۔


متعلقہ خبریں