‘رانا ثنا کیخلاف جان بوجھ کر کچھ کیا ہو تو اللہ مجھے کلمہ نصیب نہ کرے ’


اسلام آباد: وزیر انسداد منشیات شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ اینٹی نارکوٹکس فورس پنجاب  (اے این ایف) نے تین ہفتے تک رانا ثناءاللہ کا تعاقب کیا، اسکی فوٹیج ان کے پاس ہے اور وہ تمام ثبوت اے این ایف عدالت میں پیش کرے گی۔

قائمہ کمیٹی برائے انسداد منشیات کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کیساتھ نہ وزیر اعظم اور نہ میری دشمنی ہے، اگرمیں نے خود ان  کیخلاف جان بوجھ کر کچھ کیا ہو تو اللہ مجھے کلمہ نصیب نہ کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم ذاتیات پر آتے تو رانا ثناءاللہ کو پریس کے سامنے نہ جانے دیتے۔

انہوں نے کہا کہ رانا ثناءاللہ ایک صوبیدار کے بیٹے ہیں ،ہمیں معلوم ہے انکے پاس، انکی بیوی اور داماد کے پاس کتنی جائیداد ہےاور گزشتہ کتنے سالوں میں ان  کی جائیداد میں کتنا اضافہ ہوا ہے۔

شہریار آفریدی نے کہا کہ پاکستان مصنوعی  انٹیلی جنس میں آج بہت آگے ہے، ہندوستان، پاکستان کو فنانشل ٹاسک فورس میں بلیک لسٹ کرانے میں لگا ہے، اب ہم بتا سکتے ہیں کہ بھارت میں کتنے لوگ منی لانڈرنگ اور منشیات سمگلنگ میں ملوث ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ  ڈیٹا بنک نے پاکستان کو دنیا میں بہترین ممالک میں شامل کر دیا، 250 کے قریب عالمی تسلیم شدہ اداروں سے منی لانڈرز اور منشیات فروشوں کا ڈیٹا حاصل کر لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب ہر دس منٹ بعد ہمارا ڈیٹا اپ ڈیٹ ہو گا، انٹرپول کا  سابق صدر رونلڈ روبن، پاکستان سے ڈیٹا مانگ رہا ہے اورمتحدہ عرب امارات بھی ہم سے اس ڈیٹا کے سلسلے میں بات کر رہا ہے۔


متعلقہ خبریں