’جے یو آئی (ف) میں اسلام آباد کا رخ کرنے کی ہمت نہیں‘

مولانا فضل الرحمان

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) میں اتنی ہمت نہیں کہ وہ اسلام آباد کا رخ کریں تاہم اگر انہوں نے ارادہ کیا تو ہم کسی کو بھی صوبے سے گزرنے نہیں دیں گے۔

شانگلہ میں تقریب سے خطاب میں انہوں نے جے یو آئی (ف) کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اسلام آباد لاک ڈاؤن نہیں کرپائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی حالت بہتری کی طرف گامزن ہے، بہت جلد پاکستان کے حالات بہتر ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کو لوٹنے والے آج جیل میں بند ہیں، ان کا کڑا احتساب کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسلمانوں کی بہترین ترجمانی کی ہے، جس کی مثال نہیں ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے خزانے کو بے دردی سے لوٹا گیا ہے، چوروں سے ایک, ایک پائی کاحساب لیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگ اسلام کی نہیں اسلام آباد کی سیاست پر تلے ہیں جو کہ ناکام ہوں گے۔

محمود خان کا کہنا تھا کہ ہر محکمے میں اصلاحات عوام کی بہتری کےلئے لائی جارہی ہے، قبائلی علاقوں میں 28 ہزار لیویز کو مستقل کرنا پی ٹی آئی کا بڑا کارنامہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں اسپیشل فورس نو ہزار پولیس کو جلد مستقل کر دیا جائے گا، ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق دورِ حکومت میں کامیاب اصلاحات کی بدولت آج پاکستان تحریک انصاف دوبارہ بر سر اقتدار آئی ہے۔

محمود خان کا کہنا تھا کہ سابق حکمرانوں نے ملک و قوم کا بیڑا غرق کر دیا اور ملک کو مقروض کردیا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ دسمبر 2019 تک خیبر پختونخوا کے ہر شخص کو صحت انصاف کارڈ مہیا کر دیا جا ئے گا۔

اس موقع پر انہوں نے بابائے شانگلہ کو پی ٹی آئی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔


متعلقہ خبریں