وفاقی وزیر ریاض پیرذادہ نے چیئرمین نیب کی کچہری میں جانے کا اعلان کر دیا

قومی احتساب بیورو نے ریاض پیرذادہ کو طلب کر رکھا ہے

  • 'نہیں معلوم نیب میری پگڑی کیوں اچھال رہا ہے'
  • 'عہدے اور ذات کو داغدار کیا گیا،پگڑی اچھلنے سے عزت تو گئی ،پتہ نہیں نیب کیسے ازالہ کرے گا'

اسلام آباد: وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ نے ازخود چیئرمین نیب کے سامنے پیش ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہیں معلوم نیب میری پگڑی کیوں اچھال رہا ہے؟

انھوں نے کہا ہے کہ جمعرات کو چیئرمین نیب عوام کی شکایات سنتے ہیں، میں بھی ایک سائل کی حیثیت سے پیش ہوجاؤں گا۔

خود کو مقروض اور حبیب بینک کا ڈیفالٹر قرار دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ نیب جب بلائے اثاثوں سمیت پیش ہو جائوں گا۔

اپنی مالی حالت کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ملتان میں ایک مربع زمین قرض کی ادائیگی کے لئے فروخت کی ہے، میرا بینک اکائونٹ بھی ایک ہے اور اثاثے بھی اتنے نہیں ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا نہیں معلوم نیب میں میرے خلاف کیا شکایات ہیں؟ لیکن اگر نیب پگڑیاں اچھالتا ہے تو چیئرمین نیب کو دیکھنا چاہیئے۔

ریاض حسین پیرزادہ نے الزام عائد کیا کہ میرے عہدے اور ذات کو داغدار کیا گیا،پگڑی اچھلنے سے عزت تو گئی ،پتہ نہیں نیب کیسے ازالہ کرے گا؟

انھوں نے کہا کہ اپنے سیاسی کیرئیر کے آخرمیں ہر چیز ہار چکا ہوں اور ساتھ ہی واضح کیا کہ اداروں کا احترام کرتا ہوں۔

ن لیگ کے رہنما نے تسلیم کیا کہ نیب ایک معتبر ادارہ ہے اور وہ کرپشن کے خلاف کام کررہا ہے۔


متعلقہ خبریں