‘مادر وطن کے دفاع کے لیے پاک فوج تیار ہے’

'پاک فوج تیار ہے'

فوٹو: آئی ایس پی آر


راولپنڈی: جنرل قمر جاوید باجوہ نے عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاک فوج اپنے قومی وقار کے تحفظ کے لئے پوری طرح تیار ہے اور مادر وطن کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس آر) جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا کہ آرمی چیف نے کور کمانڈرز کانفرنس کی صدارت کی ہے جس میں مقبوضہ کشمیر اور خطے کی جیواسٹریٹیجک صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور بہادر کشمیریوں کے حق خودارادیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

کورکمانڈر کانفرنس کے شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھارتی مظالم کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا گیا، ملک میں عدم استحکام کے لیے بیرونی سازشوں کو ناکام بنانا بھی قابل تعریف ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں بھارتی فوجی قیادت کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کا سخت نوٹس لیا گیا۔ شرکا نے عزم کا اعادہ کیا کہ علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے اور کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور طریقے سے جواب دیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں