’مولانا فضل الرحمان لانگ مارچ نہیں کریں گے‘


کراچی: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے حزب اختلاف کے ساتھ معاملے طے ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کوئی لانگ مارچ نہیں کریں گے، سب طے ہے۔

کراچی میں پاک این ایل سی ایکسپریس فریگیٹ ٹرین کے افتتاح کے موقع پر  میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان پانچ سال پورے کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ راول پنڈی اور اسلام آباد میں بہت ڈینگی ہے، مولانا کو کاٹ لیں گے، وہ لانگ مارچ کرنے نکلیں گے تو ڈینگی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف علی زرداری، سابق وزیراعظم نواز شریف اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف ہی نہیں پورا معاشرہ چور ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جن کے آخری دن چل رہے ہیں، انہیں گھر سے کھانا لانے دو۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ ریلوے نے ایک سال کی ریکارڈ مدت میں 15  ٹرینیں چلانے کا ہدف حاصل کرلیا۔

شیخ رشید نے کہا کہ وقت پر ریلوے بھی پاک فوج کے شانہ بشانہ چلے گی۔

انہوں نے کہا کہ 80 لاکھ مسافروں کو سفر کی  سہولت دے رہے ہیں، ایم ایل 1انقلاب ہوگا، تیز ٹرینیں چلائیں گے اور  ایک لاکھ افراد کو روزگار دیں گے۔

اس سے پہلے وفاقی وزیر نے واشنگ لائن کا دورہ کیا اور مزدوروں کو فی کس دو ہزار دینے کا اعلان بھی کیا۔


متعلقہ خبریں